لاہور ۔ 21 مئی (پی ٹی آئی) صدر پاکستان آصف علی زرداری نے آج ان کی پاکستان پیپلز پارٹی کی انتخابی ناکامی کیلئے قومی اور بین الاقوامی طاقتوں کو ذمہ دار قرار دیا۔ پیپلز پارٹی کے پاکستانی صوبہ پنجاب میں امیدواروں سے اپنی خانگی قیامگاہ پر ملاقات کے دوران زرداری نے دعویٰ کیا کہ بین الاقوامی طاقتیں ان کی پارٹی کو برسراقتدار دیکھنا نہیں چاہتی تھیں۔ پیپلز پارٹی کے قائدین کو یقین ہیکہ امریکہ ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن کے اور چین کے ساتھ گوادر بندرگاہ کے معاہدوں پر ناراض ہے۔ زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا اقتدار سرقہ کرلیا گیا ہے، لیکن پارٹی مرکز میں اپوزیشن کی حیثیت سے اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ بحیثیت صدر اپنی معیاد سپٹمبر میں ختم ہونے کے بعد سیاست میں سرگرم حصہ لیں گے۔ پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے سابق وزرائے اعظم گیلانی اور اشرف اور وزیرداخلہ رحمن ملک پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔
عمران خان آج دواخانہ سے ڈسچارج ہوں گے
لاہور ۔ 21 مئی (پی ٹی آئی) پاکستان کی تحریک انصاف کے صدر عمران خان تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں۔ ایک انتخابی جلسہ میں خطرناک حادثہ میں ان کی ریڑھ کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی۔ توقع ہیکہ وہ کل ہاسپٹل سے ڈسچارج کردیئے جائیں گے۔ شوکت خانم ہاسپٹل کے ڈاکٹرس نے خصوصی طور پر تیار کردہ ریڑھ کی ہڈی کو سہارا دینے والا آلہ نصب کیا ہے اور اس کے بعد عمران خان نے کسی مدد کے بغیر 300 میٹر سے زیادہ فاصلہ تک چہل قدمی کی۔ اس آلہ کی مدد سے عمران خان بالکل سیدھے کسی سہارے کے بغیر پہلی بار اٹھ کر کھڑے ہوگئے تھے۔ انہیں دو ہفتے قبل حادثہ پیش آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ چہل قدمی کے دوران انہیں کسی قسم کا درد محسوس نہیں ہوا۔ ہاسپٹل کے انتظامیہ کے بموجب توقع ہیکہ عمران خان کل دوپہر ڈسچارج کردیئے جائیں گے۔ تاہم ان کی فزیو تھراپی مزید کئی دن جاری رہے گی۔ عمران خان کو یہ آلہ مزید 4 تا 6 ہفتے استعمال کرنا ہوگا۔ 60 سالہ عمران خان کو ڈاکٹروں نے ہدایت دی تھی کہ وہ نقل و حرکت ترک کردیں ۔ ان کی ریڑھ کی ہڈی کے کئے فقرے اور ایک پسلی 11 مئی کے حادثہ میں ٹوٹ گئے تھے۔