نئی دہلی ، 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مشروب کی بڑی کمپنی PepsiCo جو اکٹوبر میں بی سی سی آئی کی سرپرستی والے آئی پی ایل کے ٹائٹل اسپانسرز کی حیثیت سے دستبردار ہوگئی تھی، آج کرکٹ کے فاضل ادارہ کے ساتھ چار سالہ پارٹنرشپ طئے کرلی جبکہ وہ وطن میں اس کے تمام انٹرنیشنل میچز کیلئے اسوسی ایٹ اسپانسر رہے گی۔ اس کے نتیجے میں ریفرشمنٹ، اسناکس اور ڈرنکس کے علاوہ گراؤنڈز کے حقوق کے ضمن میں پیپسی کمپنی بی سی سی آئی کی آفیشل پارٹنر ہوگی جہاں میدان پر اس کمپنی کی تشہیر کی جائے گی۔ یہ اعلان پیپسی کی طرف سے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے ٹائٹل اسپانسر کی حیثیت سے دستبرداری کے چار ماہ بعد سامنے آیا ہے جبکہ وہ پانچ سالہ کنٹراکٹ 2017ء میں ختم ہونے والا تھا۔
جرمن اوپن : سریکانت، کیشپ کی
پری کوارٹر فائنلس میں رسائی
مولیم اَن در رور (جرمنی) ، 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی شٹلرز کے سریکانت اور پی کیشپ 120 ہزار ڈالر والے جرمن گرانڈ پری گولڈ میں یہاں متضاد جیت درج کرانے کے بعد پری کوارٹر فائنلس میں پہنچ گئے ہیں۔ عالمی نمبر 10 سریکانت کو نیدرلینڈز کے حریف کوالیفائر ایرک میئس کو 48 منٹ کے میچ میں ہرانے کیلئے دقت ہوئی۔ سریکانت کی جیت کا اسکور 15-21، 21-6، 21-16 رہا۔ تاہم کامن ویلتھ گیمز چمپئن کیشپ کو بہت کم محنت کرنی پڑی جیسا کہ وہ آئرلینڈ کے کوالیفائر جوشوا ماگی کو 21-12، 21-11 سے شکست دینے میں کامیاب ہوئے۔ 11 ویں سیڈ کیشپ کو اب اگلے مقابلے میں آٹھویں سیڈ کوریائی سون وان ہو سے کھیلنا ہوگا۔