کاغذ نگر ۔ 12 ۔ مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کاغذ نگر مستقر پر پریس کلب میں 11 مئی کے روز دوپہر کے اوقات میں انڈین یونین مسلم لیگ پارٹی ضلع عادل آباد صدر حافظ سید غوث خاموشی کی زیرنگرانی پریس میٹ انجام دیا گیا ۔ اس پریس میٹ میں انڈین یونین مسلم لیگ ضلع نائب صدر سید ذاکر صابری اور ضلع جنرل سکریٹری محمد ارشد علی ، ٹاؤن صدر شیخ شفیع اللہ بیگ ، ٹاؤن نائب صدر شیخ سلیم اور اراکین کمیٹی محمد احسن ، عبدالعلی اور تعلقہ کنوینر محمد مظاہر حسین کے علاوہ دوسرے بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر انڈین یونین مسلم لیگ ضلع صدر حافظ سید غوث خاموشی اور ضلع جنرل سکریٹری محمد ارشد علی نے کہا کہ ریاستی حکومت تلنگانہ کے عوام کی فلاح و بہبود اور ترقیاتی کاموں کو انجام دینے کوشاں ہے ۔ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے تلنگانہ حکومت اقدامات کرتی آرہی ہے لیکن کاغذ نگر مستقر پر لگ بھگ 20 مہینوں سے سرپور پیپر ملس بند پڑی ہوئی ہیں جس کیو جہ سے ہزاروں افراد بے گھر اور بے روزگار ہوگئے ہیں اور مقامی معاشی حالات بھی ٹھپ ہوچکی ہیں اس لئے کے سی آر کو چاہئے کہ جلد از جلد سرپور پیپر ملس کا احیاء کرتے ہوئے دوبارہ شروع کریں اور خاص طور پر کاغذ نگر کو ضلع بنانے کا بھی IUML پارٹی کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا ہے کاغذ نگر میں ایس پی ایم فیکٹری بند پڑی ہوئی اور بے روزگاری عام ہوگئی ہیں ۔ ان حالات میں اگر کاغذ نگر کو ضلع بنایا گیا تو عوام اور نوجوانوں کو روزگار ملیں گے اور مشرقی عادل آباد کے پانچ حلقوں میں درمیانی علاقہ کاغذ نگر موجود ہیں اس لئے عوام کو ضلع کی سہولت اور درمیانی علاقہ کو ضلع بناتے ہوئے کاغذ نگرکو مشرقی علاقہ کا ضلع بنانے کا مطالبہ کیا گیا تاکہ تمام عوام کو ضلع سطی کے عوامی مسائل کی یکسوئی کرنے میں مدد مل سکے ۔ اگر کاغذ نگر کو ضلع نہیں بنایا گیا اور سرپور پیپر ملس کو دوبارہ شروع نہیں کیاگیا تو آنے والے دنوں میں انڈین یونین مسلم لیگ پارٹی کی جانب سے احتجاجی دھرنا پروگراموں کو منعقد کرنے ریاستی حکومت کو انتباہ دیا گیا ۔