پیٹرسن کو ٹیم میں شمولیت کیلئے گمراہ نہیں کیا:گریوز

لندن۔16 مئی۔(سیاست ڈاٹ کام) نیو انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کولن گریوز نے کہا کہ انھوں نے کیون پیٹرسن کو انگلش ٹیم میں دوبارہ شمولیت کیلئے گمراہ نہیں کیا ۔ خیال رہے کہ گریوز نے گذشتہ برس مارچ میں یہ تجویز دی تھی کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے برطرف کئے جانے والے بیٹسمین پیٹرسن اچھی کاؤنٹی فارم کے ساتھ ٹیم میں واپس آ سکتے ہیں۔دوسری جانب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے نئے کرکٹ ڈائریکٹر اینڈریو اسٹراس کا کہنا ہے کہ پیٹرسن کو ’بھروسے‘ کے معاملات پر منتخب نہیں کیا جائیگا تاہم پیٹرسن نے اس فیصلے کو ’دھوکہ بازی‘ قرار دیا ہے۔گریوز اس بات پر مصر ہیں کہ انھوں نے 34 سالہ بیٹسمین پیٹرسن کے ساتھ ’کوئی وعدے نہیں کئے تھے۔‘ نیو انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے ایک بیان میں کہا کہ ’’اس بارے میں پیٹرسن کو مطلع کر دیاگیا تھا اور میں اس فیصلے کی پوری طرح حمایت کرتا ہوں‘‘۔انھوں نے مزید کہا کہ شاید پیٹرسن کو یہ فیصلہ پسند نہ آئے تاہم اس سے انھیں دیگر مواقعوں کو جانچنے میں مدد ملے گی۔گریوز کے مطابق ان تمام باتوں کے باوجود پیٹرسن ہمارے ساتھ کام کر سکتے ہیں جس سے ان کے اور ہمارے تعلقات میں بہتری آئے اور وہ انگلش کرکٹ میں مزید بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کر سکیں تاہم یہ بات اہم ہے کہ انھیں اس بات کا پتہ ہے کہ وہ کہاں کھڑے ہیں؟2008 ء میں آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ کیرئیر شروع کرنے والے پیٹرسن نے 104 ٹیسٹ میچوں میں 47 رنز کی اوسط سے 8181 رنز بنا رکھے ہیں۔ اس کے علاوہ انھوں نے 136 ایک روزہ میچوں میں 4440 رنز جب کہ 37 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 1176 رنز بنائے ہیں ۔ نیو انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ وہ یہ بیان شائع کرنے پر اس لیے بھی مجبور ہوئے کیونکہ انھیں ایسا محسوس ہوا کہ پیٹرسن کے ساتھ گذشتہ برس مارچ میں ہونے والی گفتگو میں ان کی دیانتداری پر سوال اٹھایا گیا ہے۔