لاہور۔ 2 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان سوپر لیگ کو آغاز سے پہلے ہی بڑا دھچکا اُس وقت لگا جب برطانوی بلے باز کیون پیٹرسن نے مطلوبہ معاوضہ نہ ملنے پر لیگ کھیلنے سے انکار کر دیا جب کہ جارح مزاج ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل بھی محدود معاوضے میں کھیلنے پر راضی نہیں ہورہے ہیں۔ پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کے آغاز سے پہلے ہی اسٹار کھلاڑیوں نے ایونٹ سے کنارہ کشی اختیار کرنا شروع کر دیا ہے۔ پیٹرسن نے پی ایس ایل میں شرکت کیلئے پی سی بی سے 3 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تھا تاہم پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کے چیئر مین نجم سیٹھی نے انہیں اتنا معاوضہ دینے سے انکار کرتے ہوئے 1 کروڑ 50 لاکھ روپئے کی پیش کش کی تاہم پیٹرسن نے کم معاوضے کی یہ آفر مسترد کرتے ہوئے پاکستان سوپر لیگ کھیلنے سے انکار کر دیا۔دوسری جانب جارح مزاج ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل بھی محدود معاوضے میں پاکستان سپر لیگ کھیلنے پر راضی نہیں ہو رہے ہیں اور اس بات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ بھی ایونٹ سے کنارہ کشی اختیار کر سکتے ہیں۔