لندن 22 فروری (سیاست ڈاٹ کام) انگلش کرکٹ ٹیم محدود اوورس کی کرکٹ میں قیادت کرنے والے اسٹیورٹ براڈ نے متنازعہ ساتھی کھلاڑی کیون پیٹرسن کی ٹیم سے اخراج کے متعلق سمجھتے ہیں کہ انگلش ٹیم کے مفاد میں سینئر کھلاڑی کو ٹیم سے باہر کا راستہ دکھایا گیا ہے۔ براڈ نے مزید کہاکہ یہ اُن افراد کا فیصلہ ہے جن کے دل انگلش ٹیم کے لئے دھڑکتے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف ایشس سیریز میں 5-0 کی شکست کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلس کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے پیٹرسن کو اپنے سنٹرل کنٹراکٹ سے آزاد کرایا اور ساتھ ہی اینڈی فلاور کی ٹیم کے ڈائرکٹر کے عہدے کی میعاد کا خاتمہ بھی تصور کیا جارہا ہے۔ ای سی بی کی جانب سے پیٹرسن کے بین الاقوامی کرئیر کو ختم کرنے کے فیصلہ کے بعد کرکٹ حلقوں میں ایک نیا تنازعہ شروع ہوچکا ہے لیکن براڈ کا کہنا ہے کہ انھیں ان حالات کا پہلے سے ہی علم تھا کیونکہ پیٹرسن کے متعلق جن افراد نے فیصلہ کیا ہے اِن کے دلوں میں انگلش کرکٹ ٹیم بستی ہے اور یہ ارباب مجاز کا فیصلہ ہے
اس میں کسی شخصی انا کی مداخلت نہیں ہے۔ براڈ آئندہ ماہ بنگلہ دیش میں منعقد شدنی ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ میں انگلش ٹیم کی قیادت کریں گے اور وہ چاہتے ہیں کہ پیٹرسن کے تنازعہ کو پس پشت ڈال کر ٹورنمنٹ میں بہتر مظاہرہ کریں۔ ویسٹ انڈیز کے دورہ پر روانگی سے قبل جنوبی لندن کے کیٹ ویک ایرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے براڈ نے کہاکہ پیٹرسن نے ان کی قیادت میں بہت زیادہ مقابلے نہیں کھیلے ہیں تاہم 2012 ء میں جب وہ (براڈ) ٹیم کی قیادت کررہے تھے تب پیٹرسن نے چند ایک مقابلوں میں کامیابی کے لئے اپنا بہترین رول بنایا تھا لیکن براڈ کا کہنا ہے کہ متنازعہ پیٹرسن کی عدم موجودگی کے باوجود بھی انگلش ٹیم نے کئی اہم مقابلے اپنے نام کئے ہیں۔ براڈ کو اُمید ہے کہ کھلاڑی آسٹریلیا کے خلاف 5-0 کی شکست اور تنازعات کے بعد کھلاڑیوں کی توجہ ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش ایونٹ پر مرکوز ہے اور وہ بہتر مظاہروں کے لئے پُرعزم ہیں۔