نارائن پیٹ ۔ 25 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)انچارج کمشنر بلدیہ نارائن پیٹ مسٹر پی گنگادھر نے اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد نارائن پیٹ ٹاؤن کے تمام وارڈوں کا دورہ کررہے ہیں ۔ وہ ٹاؤن پلاننگ آفیسر مسٹر ودیا ساگر ، اسسٹنٹ انجینئر بلدیہ مسٹر مہیش و دیگر بلدی عہدیداروں و واٹر سپلائی عملہ کے ساتھ نارائن پیٹ کے وارڈ نمبر 5کا تفصیلی دورہ کیا اور بلدی مسائل سے واقفیت حاصل کی ۔ اس موقع پر رکن بلدیہ وارڈ نمبر 5 و ٹی آر ایس قائدین مسٹر محمد ظہیرالدین ، محمد اظہرالدین نے انچارج کمشنر بلدیہ مسٹر پی گنگادھر کو بلدی مسائل جیسے سربراہی آب ، صفائی ، اسٹریٹ لائٹ وغیرہ کے ناقص انتظامات کا مشاہدہ کروایا اور جلد از جلد ان مسائل کی یکسوئی پر زور دیا ۔ انھوں نے وارڈ نمبر 5 میں بعض ناجائز قبضوں اور پانی کی قلت کی شکایات کی سماعت کی ۔ انھوں نے پانی کے مسئلہ کو فی الفور ترجیحی بنیاد پر حل کرنے کا تیقن دیا اور انکشاف کیا کہ سابق بجٹ سے بورویلوں کے دریعہ راست پنپنگ کرتے ہوئے پانی سربراہ کیا جائیگا ۔ انھوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ٹاؤن میں چار مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں سے سستی قیمت پر صاف پانی سربراہ کرنے کیلئے منرل واٹر پلانٹ قائم کئے جائیں گے ۔ جہاں عوام پانچ تا سات روپیہ میں 20لیٹر صاف منرل واٹر حاصل کرسکیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ نومنتخبہ کونسل کے پہلے اجلاس میں بل پیش کرتے ہوے اس کی منظوری حاصل کرلی جائیں گی ۔ انھوں نے پانی کی قلت کے مقامات پر نئی پائپ لائن کی تنصیب کے ذریعہ سے بھی پانی سربراہ کرنے پر غور کا تیقن دیا۔ ان کے ٹاون میں وارڈوں کے دوروں میں عوام بڑی تعداد میں شریک ہوکر بلدی مسائل سے واقف کروارہے ہیں۔ اور انچارج کمشنر کے ان دوروں سے عوام کو یہ توقع بندھی ہے کہ بلدی مسائل ٹاؤن میں کسی حد تک حل کئے جائیں گے ۔