چپہ ڈنڈی 3 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چھوٹے مواضعات اور دیہاتوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ یہاں منگل کو چپہ ڈنڈی میں منعقدہ گرام سندرشنا پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے جوائنٹ کلکٹر پوسوی باسو نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہاکہ جہاں کہیں پینے کے پانی کا مسئلہ ہو اس کو اولین ترجیح دی جانی چاہئے۔ ان مقامات کی نشاندہی کرنے اور ان مقامات پر پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی جوائنٹ کلکٹر نے ہدایت دی۔ جوائنٹ کلکٹر بعدازاں مقامی پرائمری ہیلت سنٹر کا معائنہ کرتے ہوئے یہاں جاری طبی سہولتوں کے متعلق عہدیداروں سے سوالات کئے۔ اُنھوں نے عہدیداروں اور دیگر اسٹاف کو ڈیوٹی کی انجام دہی میں وقت کی پابندی کرنے اور عوام کو بہتر معیاری خدمات فراہم کرنے کے لئے کہا۔ اُنھوں نے دواخانہ کے سبھی وارڈس کا معائنہ کیا۔ ریکارڈ کی تنقیح کی اور قریب میں واقع بائز ہاسٹل کی بھی تنقیح کی اور بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں سے واقفیت حاصل کی۔ اُنھوں نے بچوں کی صحت، تندرستی پر خصوصی توجہ دینے کا عہدیداروں کو مشورہ دیا۔ اُنھوں نے دوبارہ چپہ ڈنڈی کے دورہ کا ارادہ ظاہر کیا۔ اس موقع پر اے پی ڈی ارونا ایم پی پی بھوم ریڈی، زیڈ پی ٹی سی سامبیا، تحصیلدار پرمیا، ایم پی ڈی او انور حسین و دیگر موجود تھے۔