پینے کے پانی اور آبپاشی پراجکٹس کو اولین ترجیح

کریم نگر میں یوم جمہوریہ تقریب سے ضلع کلکٹر شریمتی نیتو پرساد کا خطاب
کریم نگر /26 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دیہی عوام کے معیار زندگی میں بہتری و خوشحالی کے مقصد سے شروع کردہ ترقیاتی پروگرامس پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں گراما جیوتی پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ سوچھ بھارت پروگرام کے لئے 169.35 کرور روپئے کے صرفہ سے 1.41 لاکھ بیت الخلاؤں کی تعمیر کی منظوری دی گئی۔ یہاں پولیس پریڈ گراؤنڈ پر منعقدہ یوم جمہوریہ تقریب کے دوران قومی پرچم لہراتے ہوئے ضلع کلکٹر نیتو پرساد نے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ سرسلہ اسمبلی حلقہ میں 12,711 انفرادی بیت الخلاء تعمیر کرکے ریاست بھر میں سرفہرست مقام حاصل ہوا ہے۔ مستحق افراد میں 448 ایکڑ اراضی تقسیم کی گئی، مزید پانچ سو ایکڑ اراضی تقسیم کی جائے گی۔ ضلع میں 5200 ڈبل بیڈروم مکانات کی منظوری عمل میں آئی، ہر گھر کو نل کنکشن کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پانی کی قلت دور کرنے کے لئے 65 کروڑ روپئے منظور کئے گئے۔ مشن کاکتیہ کے تحت ضلع میں 5939 تالابوں کی مرمت کا منصوبہ ہے، اس طرح پانچ برسوں میں تمام تالابوں کو سربراہی آب کے قابل بنایا جائے گا۔ فی الحال 168 تالابوں کے کاموں کو منظوری دی جاچکی ہے۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ ہرتہا ہرم کے تحت 67,827 غریب خاندانوں کو انتودیا آپارا بھدرتا کارڈس اور 677 ہزار خاندانوں کو انا پورنا کارڈس منظور کئے جاکر فی کس چار کیلو سے چھ کیلو چاول تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ کلیانی لکشمی کے تحت 5116 افراد میں 6 کروڑ 9 لاکھ 16 ہزار روپئے تقسیم کئے گئے۔ اسی طرح شادی مبارک اسکیم کے تحت 1744 افراد میں 8 کروڑ 85 لاکھ 44 ہزار تقسیم کئے گئے۔ کسانوں کی بہبود کے لئے 13 ہزار کروڑ روپے مالیتی اعلی تخم سربراہ کئے گئے اور 50 فیصد سبسیڈی دی گئی۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ خشک سالی سے متاثرہ کسانوں کی امداد کے لئے 16 کروڑ 82 لاکھ روپئے فنڈس مہیا کئے گئے۔ کسانوں کو پیداوار کی امدادی قیمت ادا کرتے ہوئے 4 لاکھ 62 ہزار میٹرک ٹن دھان کی خریدی کی گئی۔ انھوں نے کہا کہ 3,66,165 روپئے مالیت کے پمپ سیٹس مفت سربراہ کئے جا رہے ہیں۔ ضلع میں 9 گھنٹے برقی سربراہ کی جا رہی ہے۔ سیوا شکتی سنگموں کو بینکوں سے منسلک کرتے ہوئے 441.37 کروڑ روپئے قرض فراہم کئے گئے، جب کہ 22,789 سیوا شکتی سنگموں کو 116.14 کروڑ استری ندھی قرض فراہم کئے گئے۔ اسی طرح مہاتمام گاندھی روزگار ضمانت کے تحت 154 کروڑ روپئے کے خرچ سے کام فراہم کیا گیا۔ ضلع کلکٹر کریم نگر نے بتایا کہ عمارت و شوارع محکمہ کے ذریعہ 3225 کروڑ روپئے کے خرچ سے سڑکوں کی درستگی عمل میں لائی گئی، جب کہ 49 کروڑ 63 لاکھ روپئے کی لاگت سے پلوں کی تعمیر کی گئی۔ محکمہ پنچایت راج کے ذریعہ سڑکوں کی درستگی کے لئے 839 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے۔ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے 7 کروڑ 8 لاکھ روپئے خرچ کئے گئے۔ خانگی اداروں میں 23 ہزار سے زائد لوگوں کو روزگار فراہم کئے گئے۔ سرکاری دوا خانہ میں حاملہ خواتین کی زچگی اخراجات کے تحت 84,87,000 روپئے خرچ کئے گئے۔ انھوں نے کہا کہ مختلف مسائل پر 13,809 درخواستوں کی یکسوئی کردی گئی اور ضلع میں آبپاشی پراجکٹس کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے، جب کہ مختلف زرعی پراجکٹس کی تعمیر ہوچکی ہے۔ سڑک حادثہ کے تدارک اور ہیلمٹ کے استعمال کے لئے شعور بیداری پروگرام شروع کیا گیا۔ انھوں نے ضلع میں مختلف محکمہ جات کے سرکاری ترقیاتی پروگرامس کی کامیاب عمل آوری کے تعاون پر سیاسی نمائندوں، سرکاری عہدہ داروں، ارکان اسمبلی اور ارکان پارلیمنٹ سے اظہار تشکر کیا۔ انھوں نے ترقیاتی کاموں کی کامیاب انجام دہی کے سلسلے میں عوام کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا۔