ٹرینی لیڈی ڈاکٹرس کی شکایت پر سینئر ڈاکٹر سلاخوں کے پیچھے
بھونگیر۔ 2 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلعی سطح کے ایک سینئر ڈاکٹر نے اپنی نازیبا و غیرشائستہ حرکات سے نہ صرف ڈاکٹرس کو بلکہ شعبہ طب کو رسوا کیا بلکہ عوام کے اس شعبہ پر اعتماد کو بھی ٹھیس پہنچائی اور بالآخر قانون کی بالادستی کے سبب جیل کی سلاخوں کے پیچھے پہنچ گیا۔ واقعات کے بموجب ضلع یادادری بھونگیر کے DM & HO اور سینئر ڈاکٹر کالی داس چاری پر ٹرینی لیڈی ڈاکٹرس نے جنسی خواہشات کی تکمیل کیلئے اُکسانے و نازیبا حرکات پر آمادہ کرنے کیلئے دباؤ ڈالنے کے الزامات عائد کرتے ہوئے بھونگیر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔ درج فہرست و قبائل سے تعلق رکھنے والی لیڈی ڈاکٹرس ریاستی حکومت کی بچوں کی بہبود کی اسکیم کے تحت بھونگیر کے اطراف و اکناف کے دیہاتوں میں کام کرنے کیلئے کنٹراکٹ بنیادوں پر تقرر ہوئے تھے ، لیکن DM & HO نے شاید اپنے پوشیدہ مقصد کی تکمیل کیلئے انہیں اپنے ہی دفتر میں تعینات کرکے ان سے مسلسل نازیبا حرکات و سلوک کررہا تھا۔ ان لیڈی ڈاکٹرس نے کچھ عرصہ پہلے یادادری بھونگیر ضلع کلکٹر انیتا رامچندرن سے بھی اس امید سے شکایت کی کہ وہ عورت ہونے کے ناطے عورتوں پر ہونے والی اس زیادتی کے لئے ٹھوس اقدامات کریں گی، لیکن اس کے باوجود وہ ڈاکٹر اپنی حرکات سے باز نہیں آیا۔ بحالت مجبوری لیڈی ڈاکٹرس نے اپنے ساتھی اسٹاف سے اس ظلم و زیادتی کے خلاف مشورہ کے بعد پولیس میں شکایت درج کروائی۔ بھونگیر ٹاؤن سی آئی شنکر گوڑ نے نربھئے ایس سی، ایس ٹی الٹرا سٹی میں کیس درج کرتے ہوئے ڈاکٹر کالی داس چاری کو گرفتار کرتے ہوئے جوڈیشیل ریمانڈ کو بھیج دیا۔ رچہ کونڈہ، ڈی سی پی یادگیری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹرس جیسے پیشہ سے وابستہ افراد کی جانب سے ایسی حرکات کا ہونا سوسائٹی کیلئے بھی تشویشناک ہے۔ پولیس آئندہ ایسے کسی واقعہ پر نظر رکھنے کیلئے شی ٹیم کے ذریعہ ضروری اقدامات کرے گی۔