پیس ، بوپنا جوڑیوں کی یو ایس اوپن میں پیشرفت

نیویارک، 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹینس اسٹارز کی یو ایس اوپن میں کامیاب شروعات ہوئی جبکہ ویٹرن لینڈر پیس مکسڈ ڈبلز سکنڈ راؤنڈ میں پہنچ گئے جبکہ روہن بوپنا بھی مینس ڈبلز کامپٹیشن میں اپنا اوپننگ میچ جیت گئے۔ پیس نے مارٹینا ہنگس کے ساتھ مل کر مقامی جوڑی ٹیلر ہیری فرٹز اور سی لوئی کو فرسٹ راؤنڈ میچ میں کورٹ 4 پر 6-2، 6-2 سے ہرایا۔ چوتھی سیڈ ہند۔ سوئس جوڑی نے یہ میچ جیتنے کیلئے بس تقریباً 46 منٹ لئے۔ پیس اور ہنگس کا اگلا مقابلہ کناڈا۔ آسٹریلیا کی جوڑی یوگینی بوچارڈ اور نک کرگیوز اور یوکرینی۔ کیوی ٹیم ایلینا سویتولینا اور آرٹم سیتاک کے درمیان میچ کے ونرز سے ہوگا۔ کورٹ 14 پر بوپنا نے فلورین مرگیئا کے ساتھ مل کر فرسٹ راؤنڈ میچ میں امریکی جوڑی آسٹن کراجیسک اور نکولس مونرو کو 6-3، 6-4 سے شکست دی۔ چھٹی سیڈ ہند۔ رومانیائی جوڑی نے یہ میچ ایک گھنٹہ اور 7 منٹ سے جیت کر سکنڈ راؤنڈ میں رسائی حاصل کی۔ بوپنا اور مرگیئا اپنے اگلے مقابلے میں پولینڈ اور میکسیکو کی جوڑی ماریاز فرسٹنبرگ اور سانٹیاگو گونزالیز کے خلاف رہے گا۔ فرسٹنبرگ اور گونزالیز نے اپنے اوپننگ میچ میں پولینڈ کی جوڑی تھامس بڈناریک اور جرزی یانووکز کو 6-7(5)، 7-6(3)، 6-3 سے ہرایا۔