ملبورن ، 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ویٹرن انڈین ٹینس اسٹار لینڈر پیس اور مارٹینا ہنگز آسٹریلین اوپن میں مکسڈ ڈبلز ایونٹ کے کوارٹر فائنلز میں داخل ہوچکے ہیں، جس کیلئے انھوں نے آج یہاں آسٹریلیا جوڑی میٹ ریڈ اور کاسی ڈیلاکوا کے مقابل سیدھے سٹوں کی جیت درج کرائی۔ انڈو۔سوئس جوڑی نے محض 54 منٹ میں سکنڈ راؤنڈ میچ 6-2، 6-3 سے جیت لیا۔ دریں اثناء جونیر سیکشن کے گرلز سنگلز میں آج زیل دیسائی پری کوارٹر فائنلز میں پہنچ گئی لیکن ڈبلز ایونٹ سے فرسٹ راؤنڈ ناکامی پر خارج ہوگئی۔ ہندوستانی لڑکی زیل نے جرمنی کی جولی نیمیئر کو سکنڈ راؤنڈ میچ میں 6-4، 6-2 سے ہرایا۔ مہیکا یادو بھی سنگلز کامپٹیشن میں موجود ہے۔ ڈبلز میں زیل اور اُن کی پارٹنر وائیولٹ اَپیسا کو 4-6، 4-6 سے شکست ہوگئی۔ بوائز سنگلز میں کوئی ہندوستانی کامپٹیشن میں باقی نہیں رہا ہے۔