پہلے ونڈے میں ہندوستان کے خلاف بنگلہ دیش 272/9

مشفق الرحیم اور شکیب الحسن کی نصف سنچریاں۔ اومیش یادو ‘ پرویز رسول و امیت مشرا کی اچھی بولنگ
میرپور 15 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش نے ہندوستان کے خلاف ونڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 272 رنز اسکور کئے ہیں۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مشفق الرحیم اور شکیب الحسن نے نصف سنچریاں اسکور کیں جبکہ اوپنر انعام الحق نے بھی اچھی بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے اسکور کو 272 تک پہونچانے میں اہم رول ادا کیا ۔ افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم اس کی شروعات اچھی نہیں رہی ۔ اس کے اوپنر تمیم اقبال 11 گیندیں کھیل کر کوئی رن اسکور کئے بغیر اومیش یادو کی گیند پر وردھی مان ساہا کو کیچ دے بیٹھے ۔ دوسرے اوپنر انعام الحق ایک جانب سے سنبھل کر کھیل رہے تھے ۔ تاہم تیسرے نمبر پر کھیلنے آئے مومن الحق بھی 17 گیندوں میں صرف 6 رن بناکر اومیش یادو ہی کی گیند پر ساہا کو کیچ دے بیٹھے ۔ انعام الحق نے 60 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے 44 رن بنائے اور انہیں ہندوستان کیلئے پہلی مرتبہ کھیلنے والے پرویز رسول نے آوٹ کیا ۔

رائیڈو نے ان کا کیچ لیا ۔ مشفق الرحیم نے بھی اچھی بیٹنگ کی اور 63 گیندوں میں تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 59 رنز اسکور کئے ۔ پرویز رسول کی گیند پر اجنکیا رہانے نے انہیں کیش آوٹ کیا ۔ شکیب الحسن نے بھی ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 58 گیندوں میں 52 رن بنائے تھے ۔ کپتان سریش رائنا نے انہیں کاٹ اینڈ بولڈ آوٹ کیا ۔ محمود اللہ نے 44 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 41 رن بنائے تھے اور انہیں امیت مشرا نے بولڈ کیا ۔ ناصر حسین کو 22 کے اسکور پر امیت مشرا ہی کی گیند پر رہانے نے کیچ آوٹ کیا ۔ ضیا الرحمن دو رن بناکر اومیش یادو کا تیسرا شکار بنے اور رائنا نے ان کا کیچ لیا ۔ مشرف مرتضی 10 گیندوں میں 18 رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ انہوں نے ایک چھکا اور دو چوکے لگائے ۔ انہیں اکشر پٹیل نے بولڈ کیا ۔ عبدالرزاق 16 اور الامین حسین ایک رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ ہندوستان کی جانب سے اومیش یادو کامیاب بولر رہے جنہوں نے 9 اوورس میں 48 رن دے کر تین وکٹس حاصل کئے ۔ پرویز رسول نے 10 اوورس میں 60 رن دے کر دو وکٹس اور امیت مشرا نے 55 رنز دے کر دو وکٹس حاصل کئے ۔ اکشر پٹیل اور سریش رائنا کو ایک ایک وکٹ حاصل ہوئی ۔