پہلے بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کرنے پر توجہ دی جائے: پوار

زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعت کو وزارت عظمی دی جاسکتی ہے ۔ این سی پی سربراہ
ممبئی 27 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) یہ واضح کرتے ہوئے کہ وہ اس بات سے خوش ہیں کہ راہول گاندھی نے یہ واضح کردیا ہے کہ وہ وزارت عظمی کی خواہش نہیں رکھتے این سی پی سربراہ شرد پوار نے کہا کہ اصل مقصد بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کرنا ہونا چاہئے اور پھر 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں جو اپوزیشن پارٹی سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرے گی وہ اس عہدہ پر اپنا دعوی پیش کرسکتی ہے ۔ شرد پوار نے پارٹی کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے انتخابات ہونے دیجئے ۔ بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کیا جانا چاہئے اس کے بعد جس پارٹی کو سب سے زیادہ نشستیں حاصل ہونگی وہ پارٹی یہ عہدہ حاصل کرسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات سے خوش ہیں کہ کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے بھی کہہ دیا ہے کہ وہ وزارت عظمی کی دوڑ میں شامل نہیں ہیں ۔ پوار نے کہا کہ وہ ریاستی سطح پر مخالف بی جے پی اتحاد کرنے کے حق میں ہیں اور چاہتے ہیں کہ وزارت عظزی امیدوار کا انتخاب انتخابات کے بعد کیا جائے ۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں مبینہ ٹیمپرنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شرد پوار نے الیکشن کمیشن سے کہا کہ وہ قدیم پیپر بیالٹ طریقہ کار کو بحال کردے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین اشوک گہلوٹ اور اشوک چاوان نے این سی پی قائدین پرافل پٹیل اور جئینت پاٹل کے ساتھ گذشتہ ہفتے نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ پر بات چیت کی ہے ۔ واضح رہے کہ راہول گاندھی نے کل کہا تھا کہ وہ وزارت عظمی کی خواہش نہیں رکھتے ۔