مشفق الرحیم کی ٹیم پہلی اننگز میں 182 پر آؤٹ، سلیمان کو 5 وکٹیں
کنگس ٹاؤن (سینٹ ونسنٹ اینڈ دی گرینیڈائنس) ، 8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹسٹ میں آج یہاں چوتھے روز کے آغاز پر فالوآن پر مجبور کردیا اور جلد ہی مہمانوں کی ایک وکٹ بھی حاصل کرلی۔ دنیش رام دین زیر قیادت میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی دعوت ملنے پر 484/7d اسکور کئے تھے جس میں اوپنر کریگ براتھویٹ کی ڈبل سنچری (212) شامل ہے۔ اس کے جواب میں مشفق الرحیم کی بنگلہ ٹیم میزبان بولروں بالخصوص بائیں ہاتھ کے دراز قد اسپنر سلیمان بین کے آگے ٹک نہ پائی اور 182 پر ڈھیر ہوگئی۔ اس طرح ویسٹ انڈیز کو پہلی اننگز کی اساس پر 302 رنز کی زبردست سبقت حاصل ہوئی۔ ویسٹ انڈیز نے سوچا کہ مہمانوں کو دو یوم میں دوبارہ آل آؤٹ کرنے کیلئے یہ سبقت کافی ہے اور دنیش نے بجا طور پر انھیں فالوآن کرایا۔ تادم تحریر بنگلہ دیش نے چوتھے روز پہلے سیشن میں 15/1 اسکور کئے تھے۔