پہلا سیشن انتہائی اہم ہوگا :محمد سمیع

ملبورن 26ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد سمیع نے اپنے ساتھی بولروں کی ستائش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہمان ٹیم پہلے ٹسٹ کے دوسرے دن پہلے سیشن میں آسٹریلیائی ٹیم کو آل آؤٹ کرنے کی خواہاں ہے۔ باکسنگ ڈے ٹسٹ کے پہلے دن آسٹریلیائی ٹیم بہتر مظاہرہ کرنے میں ناکام رہی ہے کیونکہ نہ صرف اس کی رنز بنانے کی رفتار دھیمی رہی بلکہ پہلے ہی دن اسے پانچ وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ پہلے دن کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا ٹیم نے 259/5 رنز اسکور کرپائی ہے۔ محمد سمیع نے باکسنگ ڈے ٹسٹ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سیریز کے دوران ہمارا مقصد حکمت عملی کے مطابق بولنگ میں لائن اینڈ لینتھ کو برقرار رکھنا ہے اور آج اس کا فائدہ بھی ہوا ۔ سمیع جنہوں نے دن کا مایوس کن آغاز کیا تھا لیکن وہ 55 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیںجبکہ اومیش یادو نے 69 رنز کے عوض دو اور روی چندرن اشون نے 60 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کرتے ہوئے فاسٹ بولرکا ساتھ دیا ہے ۔ سمیع کے بموجب وہ کل صبح اپنی لائن اینڈ لنتھ پر مکمل توجہ مرکوز کریں گے۔