حیدرآباد۔ 6 فروری (سیاست نیوز) پہاڑی شریف میں ایک شخص نے آٹھ ماہ قبل خوشدامن اور برادر نسبتی کے قتل کے بعد آج بیوی کو بھی نشانہ بناتے ہوئے ہلاک کردیا جبکہ اس وحشیانہ حملے میں ہمشیرہ نسبتی بری طرح زخمی ہوگئی۔ تفصیلات کے بموجب ابرار احمد نامی یہ شخص ہتھیاروں کیساتھ آج رات بیوی کے مکان واقع علی نگر پہونچا اور اسے ہلاک کردیا۔ اس نے اپنی بیوی شاہین بیگم کا گلا کاٹ دیا اور بیچ بچاؤ کرنے پر ہمشیرہ نسبتی یاسمین بیگم بھی بری طرح زخمی ہوگئی۔ ابرار احمد تقریباً 15 سال دبئی میں تھا ، اس کے دو بچے بھی ہیں۔ وہ آٹھ ماہ قبل بیوی کے کردار پر شبہ کرتے ہوئے حیدرآباد آیا اور ایک لاج میں قیام کئے ہوئے تھا۔
اس نے بیوی کو حملے کا نشانہ بنایا تھا لیکن ساس اور برادر نسبتی زد میں آکر ہلاک ہوگئے۔ اسے جیل بھیج دیا گیا تھااور رہائی کے تقریباً دیڑھ ماہ بعد آج اس نے بیوی کو بھی بیدردی سے قتل کردیا۔ انسپکٹر پولیس پہاڑی شریف مسٹر بھاسکر ریڈی نے بتایا کہ مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔