ملبورن (آسٹریلیا)۔14 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کے تیز گیند باز جان ہیسٹنگس پھیپھڑوں کے ایک پُراسرار مرض کے باعث کرکٹ سے مکمل طور پر سبکدوش ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس مرض کے باعث وہ کرکٹ فیلڈ پر خون اگلتے ہوئے مرنا نہیں چاہتے ۔ مشہور آل راؤنڈر گیند باز جو اپنے ملک کو کرکٹ کے تینوں اقسام کیلئے کھیلتے ہوئے نمائندگی کی ہے ‘ گذشتہ ماہ بیان دیا کہ جب بھی وہ گیندبازی کرتے ہیں تو ان کو خون کی قئے ہوجاتی ہے ۔ انہوں نے ملبورن کے اخبار دی ایج کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ جب بھی وہ کرکٹ فیلڈ پر ہوتے ہیں تو وہ شدید دباؤ کے باعث وہ خون اگلنا شروع کردیتے ہیں اور یہ کیفیت ایک مستقل شکل اختیار کرلی ہے جس سے وہ کافی خوفزدہ ہیں ۔ 33سالہ گیند باز نے کہا کہ وہ آئندہ ماہ ہونے والے ٹی ۔20 آسٹریلیا میاچس کھیلنا چاہتے تھے لیکن اب ان کیلئے یہ ممکن نہیں ہے اور ڈاکٹرز نے ان سے کہہ دیا ہے کہ وہ بالکل طمانیت نہیں دے سکتے کہ کرکٹ فیلڈ پر وہ اپنے منہ سے خون نہیں اگلیں گے ۔ کرکٹ کھلاڑی نے کہا کہ حالانکہ وہ ویٹ لیفٹنگ اور باکسنگ کے بھی شوقین ہیں جس میں یہ کیفیت نہیں ہوتی لیکن گیند بازی کے ساتھ ہی یہ خوفناک کیفیت دوبارہ عود کر آجاتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ سے سبکدوشی کے بعد وہ میڈیا کو اپنا کریئر بنائیں گے اور ملبورن میں ایک کینٹینکھولیں گے ۔