حیدرآباد 15 اکٹوبر (سیاست نیوز) ڈی آر ڈی ایل پھسل بنڈہ علاقہ میں کل رات نوجوان کو شدید زدوکوب کرنے والے ڈیفنس سکیورٹی گارڈ کے خلاف کنچن باغ پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ جبکہ نوجوان کے خلاف بھی سنتوش نگر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈیفنس سکیورٹی کور سے وابستہ گارڈ داساوانا کولی جس نے حافظ بابا نگر کے ساکن پلمبر محمد شاہنواز کو اے ایس ایل احاطہ میں کل رات شدید زدوکوب کیا تھا اور اِس سلسلہ میں پولیس نے اِس کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 324 اور 341 کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ اِسی طرح سکیورٹی گارڈ کی شکایت پر سنتوش نگر پولیس نے شاہنواز کے خلاف دفعہ 337 کے تحت ایک مقدمہ درج کیا ہے۔ اسی طرح واقعہ کے خلاف احتجاج کرنے والے برہم عوام جس نے آر ٹی سی بسوں پر سنگباری کی تھی، اُن کے خلاف بھی پی ڈی پی پی ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔
فلور مل مالک کو بلیک میل کرنے والے چار صحافی گرفتار
حیدرآباد 15 اکٹوبر (سیاست نیوز) مائیلاردیو پلی پولیس نے فلور مِل مالک کو بلیک میل کرنے کے الزام میں 4 صحافیوں کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ گرفتار ہونے والے صحافیوں میں پی وینکٹیش گوڑ، وی پروین کمار ، جی شنکر اور اشون شامل ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ صحافیوں نے سری لکشمی فلور مِل واقع میلاردیو پلی کے مالک کو دھمکاتے ہوئے دیڑھ لاکھ روپئے ادا کرنے کا مطالبہ کیا اور ادا نہ کرنے پر فلور مل میں غیرقانونی سرگرمیوں کو بے نقاب کرنے کا انتباہ دیا۔ صحافیوں کی مسلسل دھمکیوں سے عاجز آکر فلور مِل مالک نے مائیلار دیو پلی پولیس میں شکایت درج کروائی جس کے ساتھ پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے مذکورہ صحافیوں کو گرفتار کرلیا۔