حیدرآباد 4 ستمبر ( پی ٹی آئی ) پڑوسی یادادری ضلع میں آج صبح کی والین ساعتوں میں ایک مکان میں پکوان گیس سلینڈر کے پھٹنے سے دو بھائی ہلاک اور ان کی ماں شدید زخمی ہوگئی ۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ پولیس کے بموجب بھونگیر منڈل کے رائے گیری گاوں میں کل رات 12.30 بجے یہ واقعہ پیش آیا جس کے نتیجہ میں 50 سالہ وینکٹ ریڈی اور 43 سالہ پربھاکر ریڈی ہلاک ہوگئے ۔ ان کی ماں اس واقعہ میں شدید زخمی ہوگئی جس کے بعد اسے سکندرآباد کے سرکاری دواخانہ کو منتقل کیا گیا ہے ۔ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ یہ دھماکہ گیس کے اخراج سے ہوا ہے تاہم تمام پہلووں سے اس کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ یہ پتہ چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آیا کسی دھماکو مادہ سے تو یہ دھماکہ نیہں ہوا ہے ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔