حیدرآباد۔/4مارچ، ( سیاست نیوز) کاچیگوڑہ پولیس نے ایک شاطر دھوکہ باز خاتون کو گرفتار کرلیا جو پڑوسیوں کے گہنے لیکر فرار ہوجایا کرتی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ 33سالہ سیدہ ملیحہ شیرین ساکن کالا پتھر اکثر شہر کے مختلف علاقوں میں کرایہ پر مکان حاصل کرکے اپنے پڑوسیوں سے دوستانہ تعلقات قائم کرتے ہوئے ان کا اعتماد حاصل کرتی اور بعد ازاں اپنے قریبی رشتہ داروں کی شادی اور دیگر تقاریب میں شرکت کیلئے پڑوسیوں سے قیمتی طلائی زیورات بطور مستعار حاصل کرتی اور پھر رفو چکر ہوجاتی۔ اسی طرح کے ایک واقعہ میں اس نے چپل بازار کاچیگوڑہ کے ساکن رحیم کی والدہ اور ان کی بیوی سے 39 تولہ طلائی زیورات حاصل کئے اور یہ یقین دلایا کہ وہ نئی دہلی میں مقیم اس کے قریبی رشتہ داروں کی شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد زیورات لوٹادے گی۔ سیدہ ملیحہ شیرین زیورات لوٹانے میں ناکام رہی اور وہ اچانک رحیم کے پڑوس کا مکان خالی کرکے فرار ہوگئی۔ کاچیگوڑہ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کیا تھا اور آج اسے گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے 25تولے طلائی زیورات برآمد کرلئے۔ انسپکٹر کاچیگوڑہ مسٹر ڈی راجکمار نے بتایا کہ ملیحہ شیرین نے سابق میں کالا پتھر اور ہمایوں نگر علاقوں میں بھی اسی قسم کی سرگرمیوں میں ملوث تھی جس کے سبب اس کے خلاف مقدمات درج کئے گئے تھے۔