مشیر آباد کے مقتول سے ماضی میں قتل کا انتقام
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( سیاست نیوز) : شہر کے نواحی علاقہ پٹن چیرو حدود میں قتل کی سنگین واردات پیش آئی ۔ درمیان سڑک فلمی انداز میں ایک شخص کا بے دردی سے قتل کردیا گیا ۔ قتل کی راست ویڈیو گرافی کا ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سنسنی پھیل گئی اور ضلع سنگاریڈی کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بھی جائے واردات پہونچ گئے ۔ پولیس نے مقتول کی شناخت محبوب پاشاہ کی حیثیت سے کرلی ہے جو مشیر آباد کے علاقہ بھولکپور کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ جو پٹن چیرو کی عدالت میں پیشی کے بعد واپس ہورہا تھا کہ رودرارم کے علاقہ میں اس کا راستہ روک لیا گیا اور درمیان سڑک اس کا تعاقب کرتے ہوئے اس کا قتل کیا گیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق محبوب پاشاہ ارشد قتل کیس کا اصل ملزم بتایا گیا ہے اور وہ ارشد قتل کیس کی پیشی میں شرکت کے بعد واپس ہورہا تھا ۔ بھولکپور مشیر آباد کے ساکن ارشد کا قتل پٹن چیرو کے علاقہ لکڑارم میں کیا گیا تھا ۔ اور محبوب پاشاہ اس کیس کا اصل ملزم تھا ۔ ارشد اور محبوب پاشاہ دونوں آپس میں ساتھی تھے اور کاروبار بھی ساتھ مل کر کرتے تھے ۔ عوامی تقسیمی نظام کے چاولوں کی اسمگلنگ یہ لوگ ساتھ مل کر کیا کرتے تھے ۔ پولیس ضلع سنگاریڈی نے یہ بات بتائی ۔ اور کہا کہ عوامی تقسیمی نظام کے چاولوں کی اسمگلنگ کے دوران ان افراد میں تنازعہ پیدا ہوا تھا اور آپس میں جھگڑ پڑے تھے اس دوران بٹوائی اور حصہ داری کے مسئلہ پر ارشد اور محبوب کے درمیان تلخ بحث و تکرار ہوئی تھی اور اس دوران محبوب پاشاہ نے لکڑارم کے علاقہ میں ارشد کو لیجاکر بے رحمی سے اس کا قتل کردیا تھا ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ارشد کے ساتھیوں نے محبوب کا قتل کیا ہوگا۔ پٹن چیرو پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔۔