پٹرول پر اکسائز ڈیوٹی میں اضافہ پر لوک سبھا میں ہنگامہ، تحریک التوا مسترد

نئی دہلی ۔ 9 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا میں آج پٹرول اور ڈیزل پر اکسائز ڈیوٹی میں اضافہ پر کانگریس ، بائیں بازو کی پارٹیوں اور ترنمول کانگریس نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس اقدام کا مقصد عام آدمی کو ایندھن کی کم قیمت سے محروم رکھنا ہے۔ وقفہ صفر کے دوران یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے کانگریسی قائد ملک ارجن کھرگے نے اظہار افسوس کیا کہ بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کو حکومت بجٹ میں خسارہ کا بوجھ دور کرنے استعمال کر رہی ہے اور صارفین کو کمی سے محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے اظہار افسوس کیا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی سطح پر خام تیل کی قیمت میں اضافہ ہوتے ہی اضافہ کردیا تھا لیکن اب قیمت میں کمی پر صارفین کو فروخت کئے جانے والے پٹرول کی قیمت میں کمی نہیں کی گئی۔