نئی دہلی ۔ 3فروری (سیاست ڈاٹ کام ) انگلش بیٹسمین کیون پیٹرسن نے آئی پی ایل 2017 کی نیلامی کے عمل میں حصہ نہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایک مصروف ڈومیسٹک سیزن کے بعد وہ اپنے اہلخانہ کو وقت دینا چاہتے ہیں اور اسی لئے وہ یہ سیزن نہیں کھیل سکیں گے۔کیون پیٹرسن نے حال ہی میں بگ باش لیگ میں ملبورن اسٹارز کی نمائندگی کی تھی جو سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب رہی جبکہ وہ رواں ماہ پاکستان سوپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ایکشن میں نظر آئیں گے۔گزشتہ سال انگلش بیٹسمین پونے سوپر جائنٹس کا حصہ تھے لیکن زخموں کے سبب نصف ایونٹ میں شرکت کے بعد باہر ہو گئے تھے۔پیٹرسن نے انڈین پریمیئر لیگ میں 2009 میں رائل چیلنجرز بنگلور کیلئے اپنے کریر کا آغاز کیا اور پونے کی نمائندگی سے قبل دکن چارجرز اور دہلی ڈیئر ڈیولز کیلئے بھی کھیل چکے ہیں۔