پونے ۔ 2 ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) مہندرسنگھ دھونی کی زیر قیادت رائزنگ پونے کی ٹیم جو کہ کامیابی کے حصول کے لئے جدوجہد میں مصروف ہے اسے آ ج ایک اور دھکالگا ہے جیسا کہ رواں ٹورنمنٹ میں ٹیم کے لئے واحد سنچری اسکور کرنے والے آسٹریلیائی کپتان اور ان فارم بیسٹمن اسٹیو اسمتھ بھی زخمی ہو کر ٹورنمنٹ سے باہر ہوئے گئے ہیں ۔ تفصیلات کے بموجب اسمتھ کلائی کے زخم میں مبتلاء ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے انہیں آئی پی ایل کا رواں ٹورنمنٹ چھوڑ کر وطن واپس لوٹنا پڑ رہا ہے ۔ پونے کو پہلے ہی کیون پیٹرسن ‘ فاف ڈوپلیسی اور آسٹریلیائی آل راونڈر مچل مارش کے زخمی ہو کر ٹورنمنٹ سے باہر ہونے کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے ۔ کرکٹ آسٹریلیا کے اسپورٹس سائنس اور اسپورٹس میڈیسن کے منیجر الیکس کونٹوریس نے توثیق کی ہے کہ اسمتھ آئی پی ایل سے دستبردار ہوچکے ہیں کیونکہ وہ اپنے سیدھے ہاتھ کی کلائی میں گذشتہ ایک ہفتہ سے تکلیف محسوس کر رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم کوشش کر رہے تھے کہ اسمتھ کی تکلیف نہ صرف ختم کر دی جائے بلکہ رواں ٹورنمنٹ میں انہیں پونے کی مکمل نمائندگی کا موقع فراہم کیا جائے ۔ کرکٹ آسٹریلیا کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ اسمتھ کو آئی پی ایل سے واپس طلب کرنے کے درپردہ مقصد احتیاطی اقدامات کرنا ہے ۔ کیونکہ ان کا زخم کہیں سنگین نوعیت اختیار نہ کر جائے ۔ پونے کے ذرائع کے بموجب ڈوپلیسی کے مقام پر آسٹریلیائی سابق کپتان جارج بیلی کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے ۔