پولیس کی پٹرول گاڑیوں میں انٹرسیپٹرس اور کیمروں کی تنصیب

حیدرآباد ۔ 18 فبروری (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کو اسمارٹ اور سیف سٹی میں تبدیل کرنے کیلئے آئے دن نئے اسکیمات اور اختراعی منصوبے بنارہے ہیں۔ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد حیدرآباد سٹی پولیس کو فراہم کی گئی پٹرولنگ گاڑیوں کو مزید عصری آلات سے لیس کرتے ہوئے انٹرسیپٹر گاڑیوں پر موبائیل ایچ ڈی کیمرے نصب کئے جارہے ہیں۔ بتایا جاتا ہیکہ انٹرسیپٹر گاڑیوں کو لا اینڈ آرڈر اور ٹریفک شعبوں کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہیکہ ایک انٹرسیپٹر گاڑی پر 4 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جارہے ہیں جن کے ذریعہ کمانڈ اینڈ کنٹرول میں راست طور پر شہر میں جاری سرگرمیوں پر نظر رکھی جاسکتی ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ آج ایک انٹرسیپٹر گاڑی پر کیمرے نصب کرتے ہوئے تجربہ کیا گیا جس کے ذریعہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کی ویڈیو گرافی کی گئی اور شہر کے مصروف ترین عوامی علاقوں میں بھی ویڈیو گرافی کی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ غیرمجاز طور پر پارک کی گئی گاڑیوں کی اس انٹرسیپٹر گاڑی کے ذریعہ ویڈیو گرافی کرتے ہوئے ای چالانات بھیجے جاسکتے ہیں اور ناگہانی صورتحال پیدا ہونے پر ہجوم پر اس انٹرسیپٹر گاڑی پر نصب کئے گئے کیمروں کی مدد سے اعلیٰ عہدیدار حالت کا بروقت جائزہ لے سکتے ہیں۔ اس انٹرسیپٹر گاڑی پر صرف دو پولیس ملازمین ایک ڈرائیور اور دوسرا آپریٹر موجود رہے گا۔ بتایا جاتا ہیکہ آج کے تجربہ کے بعد عنقریب دونوں شہروں میں موجود تمام انٹرسیپٹر گاڑیوں پر کیمرے نصب کئے جانے کا منصوبہ ہے۔