پولیس بھرتی کیلئے ڈاکٹر، انجینئر ،وکیل اور ایم بی اے بھی امیدوار

ممبئی۔ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی پولیس میں ایک ہزار 137سپاہیوں کی بھرتی کیلئے 2 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں ،اس طرح ایک عہدہ کے لیے 175امیدوار ہیں اور امیدوار کو صرف آٹھویں جماعت میں کامیابی حاصل کرنا لازمی ہے ،لیکن حیرت انگیز طورپر ان امیدواروں میں نویں اور دسویں ،گیارہویں اور بارہویں کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر ،انجینئر ،وکیل اور ایم بی اے بھی قطار میں شامل ہیں۔مذکورہ عہدے کے لیے ان پیشہ وارامیدواروں کی درخواستیں موصول ہونے پر حیرت کا اظہار کیا جارہا ہے ۔اس سلسلہ میں نائیگام ،گورے گاؤں اور گھاٹکوپر پولیس گراونڈ پر روزانہ 9ہزار سے زائد امیدواروں کی جانچ کا سلسلہ جاری ہے اور انہیں کی جسمانی آزمائش کا مرحلہ بھی شروع کردیا گیا ہے ۔8مئی تک یہ سلسلہ جاری رہیگا۔سابق پولیس کمشنر اروپ پٹنائک کا کہنا ہے کہ دراصل امیدواروں کی اکثریت دیہی علاقوں سے آئی ہے اور کیونکہ ان کی انگریزی کافی کمزور ہوتی ہے ،اس لیے وہ نجی کمپنیوں میں جانے کے بجائے سرکاری ملازمتوں میں قسمت آزمائی کرتے ہیں اور محض پولیس سپاہی کے عہدہ کے لیے اتنی بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور وہ بھی اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد بھی شامل ہیں۔واضح رہے کہ محکمہ پولیس میں سپاہی کی تنخواہ 25ہزارروپے ہوتی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ الاونس بھی ہوتے ہیں ۔ جبکہ اے ٹی ایس ،خفیہ محکمہ اور سائبر کرائم میں ترقی ہونے سے انہیں بہترتنخواتہ ملتی ہے ،اس لیے اکثریت کی تمنا ہوتی ہے کہ محکمہ پولیس میں قسمت آزمائی کی جائے ۔پولیس محکمہ میں423انجینئرس،167ایم بی اے ،543ایم کام ،اسی صحافی ، بی اے ایم ایس ،بی ایڈماس میڈیا اور دیگر ڈگری یافتہ نوجوانوں نے درخواستیں دی ہیں۔