پولیس اسٹیشن کے روبروخود سوزی کرنے والا شخص فوت

حیدرآباد۔/12مارچ، ( سیاست نیوز) چارمینار پولیس اسٹیشن کے روبرو خود سوزی کرنے والا شخص آج فوت ہوگیا۔ تاہم پولیس نے اس خصوص میں دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 40سالہ عبداللطیف جو کالا پتھر علاقہ کے ساکن عبدالقدوس کا بیٹا تھا کاروبار میں نقصان کے سبب ہراسانی کا شکار ہوکر اس نے خود سوزی کرلی تھی۔ پولیس ذرائع کے مطابق کل عبداللطیف نے خود سوزی کی تھی۔ جس کو فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا جہاں علاج کے دوران وہ آج فوت ہوگیا۔ انسپکٹر چارمینار مسٹر اے یادگیری کے مطابق عبداللطیف کو شیر مارکٹ میں نقصان ہوا تھا اور اسے دو افراد حفیظ اور شرت شانتا ریڈی کی ہراسانی کا سامنا تھا۔ انسپکٹر نے بتایا کہ پولیس چارمینار نے حفیظ اور شرتھ شانتا ریڈی کو گرفتار کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔