پولاورم پراجکٹ کے خلاف ٹی آر ایس کے احتجاج سے کانگریس کا اظہار یگانگت

انتخابات میں شکست کا غم نہیں ، تلنگانہ جشن منانے پر پونم پربھاکر کا اعلان
نلگنڈہ /30 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ عوام کا دیرینہ خواب کی تکمیل کانگریس کل ہند صدر شریمتی سونیا گاندھی نے ہی پورا کیا ہے ۔ سوشیل میڈیا میں کے سی آر کی جدوجہد سے ہی علحدہ ریاست کا قیام سے متعلق عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے ۔ 270 ارکان پارلیمنٹ کی تائید سے یو پی اے حکومت نے تلنگانہ بل کو پاس کروایا ہے ۔ یہ بات سابقہ رکن پارلیمنٹ کریم نگر و ضلع انچارج کانگریس پارٹی مسٹر پونم پربھاکر نے آج رکن پارلیمنٹن نلگنڈہ کی رہائش گاہ پر صحافتی کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے بتائی ۔ انہوں نے کہاکہ پولاورم پراجکٹ سے متعلق جاری کردہ آرڈیننس کو کانگریس کی پالیسی کی وجہ جاری کرنے کے بیانات کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ مرکزی حکومت اور تلگودیشم پارٹی سربراہ کے دباؤ میں آکر یہ آرڈیننس جاری کیا ہے ۔

آرڈیننس کو منسوخی کیلئے ٹی آر ایس کی جانب سے کئے جانے والے احتجاج کی کانگریس پارٹی مکمل تائید کرے گی ۔ انہوں نے ریاست میں کانگریس پارٹی کی کاموں سے متعلق کہا کہ کے سی آر کی جانب سے عوام کو بڑے پیمانے پر وعدے و تیقنات کے علاوہ کانگریس پارٹی کا انتخابی منشور کی اجرائی میں دیری کی وجہ ناکامی ہوئی ہے ۔ کانگریس پارٹی ناکامیوں کو بھول کر عوام اور تلنگانہ کے حقوق کیلئے جدوجہد کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں پارٹی کو مستحکم کرنے اور حکومت کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ٹی آر ایس کے انتخابی منشور کی عمل آوری کروانے کیلئے کانگریس پارٹی جدوجہد کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کی تمام بلدیات پر پارٹی کی سیاسی حکمت عملی سے کانگریس پارٹی کا قبضہ ہوگا ۔ بھونگیر اور سوریا پیٹ بلدیات میں اکثریت نہ ہونے کے باوجود کانگریس پارٹی کا ہی صدرنشین منتخب ہوگا ۔ ضلع پریشد میں کانگریس کو اکثریت حاصل ہے بلدیات اور ضلع پریشد کے صدر نشینوں کے عہدوں پر ارکان سے مشورے اور تائید کی بنیاد پر انتخاب ہوگا ۔

مسٹر پونم پربھاکر نے کہا کہ ملک اور ریاست میں مخالف کانگریس لہر کے باوجود ضلع میں عوام نے کانگریس پارٹی کے امیدواروں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے پر عوام سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے یوم تاسیس تلنگانہ 2 جون کو کانگریس پارٹی کی جانب سے جشن منایا جائے گا ۔ ضلع بھر میں 2 جون کو مشعل ریالی ریالیاں ، کانگریس پارٹی آفسوں پر روشنی و دیگر پروگراموں کو قطعیت دی گئی ہے ۔ رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ مسٹر جی سکھیندر ریڈی نے کہا کہ پولاورم پراجکٹ کے ڈیزائن اور ضلع کھمم کے 7 منڈلوں کو آندھراپردیش ریاست میں شامل کرنے کیلئے تلگودیشم پارٹی سربراہ کا مرکزی حکومت پر دباؤ کی وجہ قرار دیا ۔ حکومت فوری آرڈیننس کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر صدر ضلع کانگریس کمیٹی ٹی دیویندر ریڈی رکن اسمبلی مریال گوڑہ مسٹر بھاسکر راؤ سابقہ صدرنشین بلدیہ پی وینکٹ نارائنا گوڑ اور دیگر موجود تھے ۔