ویریندر سہواگ ، گلین میکس ویل اور جارج بیلی توجہ کا مرکز
موہالی۔ 17 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) چمپینس لیگ ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ کے گروپ بی میں کنگس الیون پنجاب کا مقابلہ ہوبارٹ ہوری کینس سے ہوگا اور آئی پی ایل کی ٹیم کنگس الیون پنجاب جس نے گزشتہ سیزن میں شاندار مظاہرہ کیا ہے، وہ آئی پی ایل کے ان شاندار مظاہروں کے سلسلے کو چمپینس لیگ میں برقرار رکھنے کیلئے کوشاں ہیں۔ کنگس الیون پنجاب کا بیٹنگ شعبہ انتہائی طاقتور ہے جس کی نہ صرف قیادت آسٹریلیائی کھلاڑی جارج بیلی کررہے ہیں، بلکہ وہ ٹیم کیلئے بیٹنگ اننگز کا شاندار اختتام کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ کنگس الیون پنجاب نے آئی پی ایل کے ساتویں ایڈیشن میں شاندار مظاہرہ کیا ہے اور خصوصاً ویریندر سہواگ کے ہمراہ گلین میکس ویل اور ڈیوڈ ملر نے غیرمعمولی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ہے۔ آسٹریلیائی بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر میچل جانسن کی ٹیم میں فوری شمولیت نہیں ہورہی ہے، لیکن اس کے باوجود ٹیم ایک طاقتور اکائی ہے جس میں اننگز کے آغاز کے لئے ہندوستانی دھماکو اوپنر ویریندر سہواگ موجود ہیں۔ علاوہ ازیں اکشر پاٹل، وردھیمان ساہا اور رشی دھون نے اپنی اہمیت کو پہلے ہی ثابت کردیا ہے۔ کنگس الیون پنجاب کا بیٹنگ شعبہ جس قدر طاقتور دکھائی دیتا ہے، اسی طرح جانسن کی عدم موجودگی کے بعد اس کے بولنگ شعبہ کو مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ جانسن کی عدم موجودگی میں تمام تر ذمہ داری لکشمی پتی بالاجی اور سری لنکا کے آل راؤنڈر تہسارا پریرا کے ہمراہ اکشر پٹیل پر عائد ہوگی۔
پنجاب کرکٹ اسوسی ایشن اسٹیڈیم کی وکٹ فاسٹ بولر کیلئے سازگار تصور کی جاتی ہے، جہاں آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی ٹیم ہوبارٹ ہوری کینس کے بولرس فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ میچل جانسن کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے ٹیم کے بولنگ کوچ بانگر نے کہا ہے کہ آئی پی ایل 7 میں کھیلے گئے 14 مقابلوں میں جانسن نے 17 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے ٹیم کی فتوحات میں کلیدی رول ادا کیا ہے، لیکن چمپینس لیگ میں چونکہ زیادہ مقابلے نہیں کھیلے جائیں گے اور سیمی فائنل میں رسائی کیلئے ٹیم کو مختصر کرکٹ میں ہی فتوحات حاصل کرنے کیلئے اہم کھلاڑیوں کی خدمات ضروری ہے۔ اس طرح جانسن کی کمی کو محسوس کیا جائے گا۔ بانگر نے مزید کہا کہ جانسن کی عدم موجودگی میں ٹیم میں چند ایسے کھلاڑی بھی موجود ہیں جو بہتر بولنگ کے ذریعہ اپنی اہمیت کو ثابت کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب ہوبارٹ ہوری کینس کی ٹیم بھی ان کھلاڑیوں کے بہتر مظاہروں پر انحصار کررہی ہے، جن کا تعلق آئی پی ایل کی ٹیموں سے ہے۔ ہوری کینس کے کوچ ڈیمن مارٹن نے کہا ہے کہ ہم یہاں پہلی مرتبہ بحیثیت کلب ٹیم شرکت کررہے ہیں، لیکن ہماری صف میں کئی ایسے کھلاڑی موجود ہیں، جنہیں آئی پی ایل کا تجربہ حاصل ہونے کے علاوہ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں بھی تجربہ کار تصور کئے جاتے ہیں۔ جانسن چونکہ زمبابوے میں منعقدہ سہ رخی سیریز کے دوران زخمی ہوئے تھے ، لہٰذا انہیں مکمل صحتیاب ہونے کا موقع دیا جارہا ہے۔