پنجاب پر جیت سے کافی فرق پڑتا ہے : شریس ایّر

نئی دہلی۔ 21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)دہلی کیپٹلس کے کپتان شریس ایر نے کنگز الیون پنجاب کے خلاف پانچ وکٹوں سے فتح حاصل کرنے کے بعد کہا کہ گھر میں ملی اس جیت سے پوری ٹیم کے لئے کافی فرق پڑتا ہے اور اس سے ٹیم کا حوصلہ بلند ہوگا۔دہلی نے ہفتہ کو پنجاب کو شکست دے کر فیروز شاہ کوٹلہ میدان میں مسلسل دو ہار کا سلسلہ توڑا۔ دہلی کی کوٹلہ میں پانچ میچوں میں یہ دوسری جیت رہی۔ راجستھان رائلس کے خلاف پیر کو جے پور میں ہونے والے میچ سے پہلے شریس نے کہاکہ اپنے گھر میں دوسری کامیابی حاصل کرنا اہم تھا۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ جیت ہم سب کے لئے اہم ہے اور اس سے ٹیم کو پلے آف کے سفر میں مدد ملے گی۔اس میچ میں ناقابل شکست نصف سنچری بنانے والے شریس نے اپنی اننگز کے لئے کہاکہ میں نے پہلے سوچا تھا کہ میں گیند بازوں کو نشانہ بناؤں گا اور میں نے کچھ گیند بازوں کو نشانہ بنایا بھی۔ ہم جانتے تھے کہ ان کا بائیں ہاتھ کا اسپنر ڈیبو میچ کھیل رہا ہے اور وہ دباؤ میں ہوں گے ، اس لئے ہم نے خطرہ اٹھایا۔ میں نے اور شکھر نے ضرورت کے باوجود خطرے بھرے شاٹ نہیں کھیلے ، ہم نے اپنا قدرتی کھیل کھیلا اور پہلے چھ اوور میں 60 رن بنا لئے ، اس سے ہمیں ضروری تال مل گئی۔کپتان نے میچ میں نصف سنچری بنانے والے شکھر کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ شکھرجس طرح بلے بازی کر رہے تھے اسے دیکھتے ہوئے ہمیں انہیں صرف تعاون دینا تھا۔ میں نے خود طے کر لیا تھا کہ مجھے آخر تک بیٹنگ کرنی ہے اور مجھے خوشی ہے کہ میں نے ٹیم کے لئے ایسا کیا۔