موگا۔7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پنجاب میں ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابات کے لیے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر دھرم کوٹ سٹی میں کانگریس اور اکادلی دل کے حامیوں کے درمیان تصادم ہوگیا۔ جس کے نتیجہ میں ایک شخص زخمی ہوگیا اور ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کو لاٹھی چارج کے بعد آنسو گیس کا استعمال کرنا پڑا۔ پولیس عہدیدار کے مطابق کانگریسی کارکن 25 سالہ سمرنجیت سنگھ اس تصادم کے دوران اکالی دل کے ایک حامی کی فائرنگ میں زخمی ہوگیا۔ دونوں سیاسی جماعتوں کا تعلق موضع دتہ سے تھا۔ زخمی کو دواخانہ منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے گڑبڑ کی شدت محسوس کرتے ہوئے لاٹھی چارج کی اور آنسو گیس کے استعمال کے ذریعہ ہجوم کو منتشر کردیا اور صورتحال پر قابو پالیا گیا۔ پنجاب میں ضلع پریشدوں اور پنچایت سمیتیوں کے انتخابات 19 ستمبر کو منعقد ہوں گے۔