چنڈی گڑھ22 جون(سیاست ڈاٹ کام ) پنجاب اسمبلی میں آج ہنگامہ کر نے پر عام آدمی پارٹی ( عاپ ) کے تمام اراکین کو ایوان سے باہر نکال دیا گیا۔ ایوان کی نشست شروع ہوئی تو اپوزیشن پارٹی عاپ کے دو ارکان ، جو پہلے سے معطل ہیں کو ایوان کے گیٹ پر روک دیا گیا، جس پر عاپ کے دیگر ارکان نے اعتراض کیا۔ انہوں نے اس کی مخالفت میں ایوان میں مظاہرہ کیا اور اراکین کی معطلی واپس لئے جانے کا مطالبہ کیا۔ ہنگامہ بڑھنے پر اسمبلی کے اسپیکر نے مارشل کے ذریعہ عاپ کے اراکین کو ایوان سے باہر نکال دیا۔
شمالی کشمیر میں ریل خدمات معطل
سری نگر، 22 جون (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں کل رات سکیورٹی فورس کے ساتھ جھڑپ میں لشکر طیبہ کے تین مقامی جنگووں کی ہلاکت کے واقعہ کے خلاف احتجاج کے خدشہ کے مدنظر وادی کشمیر میں آج سبھی ریل خدمات منسوخ کردی گئی ہیں۔ایک ریلوے افسر نے بتایا کہ وسطی کشمیر میں سری نگر ۔ بڈگام کے درمیان ریل خدمات معطل کردی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ جنوبی کشمیر میں بڈگام سے سری نگر، پلوامہ، اننت ناگ اور قاضی کنڈ سے جموں علاقے میں بانہال تک ٹرینوں کی آمدورفت بند کردی گئی ہے۔