پشاور میں ایرانی قونصل خانہ کے باہر خودکش دھماکہ ، دو ہلاک

پشاور ۔ 24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) شمال مغربی پاکستانی شہر پشاور میں آج ایرانی قونصل خانہ کے باہر ایک خودکش دھماکہ ہوا، جس کے نتیجہ میں دو سیکوریٹی اہلکار ہلاک ہوئے۔ حملہ کی ذمہ داری مست گل نے قبول کی ہے جو بیان کیا جاتا ہیکہ 1995ء میں جموں و کشمیر کی درگاہ چرارِ شریف کے محاصرہ میں ملوث تھا۔ ایرانی قونصل خانہ کے باہر ہوئے خودکش دھماکے کے بارے میں پولیس نے کہا کہ ایک مشتبہ گاڑی قونصل خانہ کے قریب تلاشی کی غرض سے روکی گئی تھی کہ ایک شخص کار سے باہر نکلا اور تلاشی چوکی کے پاس پہنچ کر خود کو دھماکہ سے اڑا لیا جس میں چیک پوسٹ پر تعینات فرنٹیر کور کے دو اہلکار مارے گئے۔ مست گل جو حزب المجاہدین کا ایک سابق کمانڈر ہے اب تحریک طالبان کا ایک حصہ ہے، اس نے حملہ کا دعویٰ کیا ہے۔ اس ترجمان نے پشاور میں اخبارات اور خبر رساں اداروں سے ربط پیدا کرتے ہوئے ایرانی سفارتخانہ پر حملہ کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ ’’آنے والے دنوں میں ہم شیعوں کے خلاف مزید ایسے ہی حملے کریں گے‘‘۔ خیبرپختونخواہ کے وزیرصحت شوکت یوسف زئی نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ایرانی قونصلیٹ حملہ کا اصل نشانہ تھا۔