کریم نگر ۔15اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سیاسی میدان میں قدم رکھنے کے بعد سے سماج کے مختلف طبقات بالخصوص بچھڑے اقلیتی اور عریب کمزور طبقات کو درپیش مسائل کی یکسوئی میرا نصب العین بن گیا ہے جبکہ اس کام میں مجھے اردو صحافت کا بھرپور تعاون حاصل رہا ہے ۔ یہاں ہوٹل پریتما ملٹی پلکس میں اردو اخبارات سے جڑے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ پی ونود کمار نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سال 2009ء میں ٹی آر ایس ضلع کریم نگر کے انچارج تھے ‘ اس سے قبل بھی وہ کریم نگر سے باہر رہنے کے باوجود ضلع کے عوام سے قربت حاصل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2014ء کے انتخابات میں اردو صحافت نے انہیں کافی حوصلہ دیا اور میری کامیابی کیلئے تعاون کیا ۔ میں اردو صحافت کا شکر گزار ہوں ۔ پارلیمانی اجلاس میں 170سے زائد سوالات اٹھائے گئے اور انہوں نے 34مسائل کی یکسوئی کی طرف توجہ دلائی گئی ۔ رکن پارلیمنٹ ونود کمار نے یہ بات بتاتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں کئی مسائل زیر بحث آئے اور ان مسائل کے حل کیلئے تمام تر کوششیں کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر برقی سے نمائندگی کرتے ہوئے 6ہزار میگاواٹ برقی پیداوار پراجکٹ کی تعمیر کیلئے 30کروڑ روپئے قرض کی معمولی شرح سود پر منظوری حاصل کرلی ۔دامرچرلہ منڈل میں بی ایچ ایل کے تعاون سے اندرون ڈھائی سال ان پراجکٹس کی تکمیل ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اس پراجکٹ کا سنگ بنیاد تعمیر اور افتتاح وہ ( پی ونود کمار) ہی انجام دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ماحولیاتی سرٹیفیکٹس حاصل کرلیا گیا ہے جبکہ راما گنڈم برقی پلانٹ سے بھی چار ہزار میگاواٹ برقی کی تلنگانہ علاقہ میں سربراہی کی منظوری حاصل کرلی گئی ہے ۔ واٹر گرڈ منصوبہ کی تکمیل کیلئے 35ہزار کروڑ روپئے کی منظوری حاصل کرلی گئی ہے ۔ اس سے دس اضلاع میں گھر گھر پانی پہنچایا جائے گا ۔ اس سلسلہ میں جاپان انٹرنیشنل کوآپریٹیو بینک ( جے آئی کو) یا ورلڈ پبلک ریلیشن ڈیولپمنٹ بینک دونوں ہی اپنی شرائط کم شرح سود پر قرض حاصل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جمی کنٹہ ‘ کریم نگر ریلوے لائنس کی ترقی کیلئے 68 کروڑ روپئے ‘ اوپل ریلوے لائن پر 52کروڑ سے پل کی تعمیر کی جائے گی ۔ اندرون چھ ماہ ان کاموں کی شروعات کردی جائے گی ۔ اس کی دو سال میں تکمیل ہوجائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سرسلہ کیندریا ودیالم کیلئے 10ایکڑ زمین مختص کردی گئی ہے ۔ 2015-16ء مالی سال میں اس کا آغاز کردیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ کریم نگر ڈائری کی ترقی دودھ کی پیداوار میں دکنا اضافہ کیلئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ حیدرآباد کو فی الحال روزانہ چتور ‘ کڑپہ ‘ گلبرگہ سے 3لاکھ لیٹر دودھ سربراہ کیا جارہا ہے ۔ وہ اب کریم نگر سے سربراہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو روزانہ ایک سو لاری بھیڑ بکرے دوسری ریاستوں سے لائے جارہے ہیں ‘ حیدرآباد کو بھیڑ بکرے سربراہی کیلئے اس کی افزائش کا منصوبہ ہے اور اس کام کیلئے وہ خود شخصی دلچسپی لیں گے ۔ انہوں نے مسلمانوں کو مشورہ دیا کہ وہ جس پیشہ سے منسلک ہیں اس میں بہتر تربیت حاصل کرنے کی شدید ضرورت ہے ‘ وہ اس ضمن میں مسلمانوں کی ممکنہ مدد کریں گے ۔