کراچی۔8 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کے چیئر مین شہریار خان نے کہا ہے کہ اگر ممبئی حملوں جیسا کوئی اور ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوا تو ہندوستانی کرکٹ ٹیم وعدے کے مطابق پاکستان کے خلاف پاکستان کی چار ہوم سیریز کھیلے گی۔ اس مرتبہ فیوچر ٹور پروگرام پر عمل کیا جائے گا۔ ان سیریز کے لئے ہندوستانی حکومت نے اجازت دے دی ہے۔ بگ تھری کے بعد ہندوستان نے پاکستان کے ساتھ 8 سال میں 6 سیریز کھیلنے کا وعدہ کیا ہوا ہے۔ ان میں سے پاکستان چار سیریز کی میزبانی کرے گا۔ شہریار خان نے کہا کہ میری اس بارے میں سری نواسن سے بات ہوئی تھی انہوں نے کہا ہے آج تک یہ سیریز طے ہیں اور اگر کوئی اور سانحہ رونما نہیں ہوا تو آئندہ سال ہندوستانی ٹیم اس سلسلے میں پاکستان کے خلاف پہلی سیریز کھیلے گی۔ انہوں نے کہا کہ بگ فور کا کوئی وجود نہیں ہے۔ بلکہ بگ ساڑھے تین ہیں۔ ہندوستان،آسٹریلیا اور انگلینڈ کے بعد پاکستان کا دوسال کے لئے آدھا حصہ ہوگا۔ پی سی بی کی جانب سے نجم سیٹھی کی تقرری کے بعد اب آئی سی سی اجلاس میں دو پاکستانی موجود ہوں گے۔ اس کے علاوہ آئی سی سی کے صدر کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ بنگلہ دیش کے مصطفی کمال کو ہم نے دیکھا ہے۔ وہ صرف فوٹو سیشن صدر ہیں۔ شہریار خان نے کہا کہ سفارت کاری آسان ہے اور پی سی بی کی چیئر مین شپ مشکل کام ہے۔ میں نے کافی سوچ وبچار کے بعد یہ ذمہ داری قبول کی ہے۔