عوام سے استفادہ کرنے جناب رؤف حسام الدین کی خواہش
نارائن پیٹ۔/14مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ کے پری میٹرک بی سی ہاسٹل میں اقلیتوں کیلئے 4فیصد نشستیں محفوظ قرار دی گئی ہیں۔ جناب رؤف حسام الدین ریاستی سکریٹری اسٹیٹ اردو ٹیچرس اسوسی ایشن ( سوٹا ) نے بتایا کہ پرنسپال سکریٹری گورنمنٹ بی سی ویلفیر ڈپارٹمنٹ کے اعلامیہ مکتوب نمبر 870 مورخہ 11مئی 2015 کے ذریعہ تلنگانہ کے تمام بی سی ( پری میٹرک ) ہاسٹل میں 4فیصد نشستیں اقلیتوں کیلئے محفوظ قرار دی گئی ہیں۔ ریاست تلنگانہ میں بی سی ہاسٹل میں طلباء کی جملہ نشستیں 55691 ہیں۔ اقلیتوں کیلئے 4فیصد نشستیں محفوظ قرار دینے پر جملہ 2200 نشستیں اقلیتی طلباء کیلئے محفوظ قرار پاتی ہیں۔ جناب رؤف حسام الدین ریاستی سکریٹری سوٹا نے اولیائے طلبہ سے اپیل کی کہ حکومت کی اس اسکیم اور سہولیات سے استفادہ کرتے ہوئے بچوں کو بی سی ہاسٹل میں داخلہ دلوائیں جہاں مفت رہائش کے علاوہ بہترین غذا ( سونامسوری باریک چاول )، مفت کپڑے اور کاسمیٹک چارجس بھی ماہانہ دیئے جاتے ہیں۔ انہوں نے اساتذہ برادری سے بھی خواہش کی کہ وہ اقلیتوں کو حکومت کی اس اسکیم اور سہولت سے متعارف کروائیں کیونکہ اقلیتیںناواقفیت کی بناء پر حکومت کی اسکیمات سے استفادہ نہیں کرپارہے ہیں۔