پریہ دت ، راکھی ساونت، محبوبہ مفتی ، سنجے نروپم کے پرچہ نامزدگی داخل

ممبئی ۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس ارکان پارلیمنٹ پریہ دت ، گروداس کامت اور سنجے نروپم ، پی ڈی پی لیڈر محبوبہ مفتی ، ایم ڈی ایم کے سربراہ وائیکو اور اداکارہ راکھی ساونت ، لوک سبھا کے 24 اپریل کو چھٹے مرحلہ میں ہونے والے 117 نشستوں کے لئے آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے والے امیدواروں میں شامل ہیں۔ ٹاملناڈو میں حکمراں پارٹی انا ڈی ایم کے تمام 39 امیدواروں نے پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔ این ڈی اے کے حلیف پارٹی ایم ڈی ایم کے کے صدر وائیکو نے بھی ایرودھو نگر لوک سبھا حلقہ سے پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ محبوبہ مفتی اور عام آدمی پارٹی کے امیدوار تنویر مقبول ڈار نے کشمیر میں اننت ناگ سے اپنے پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے ۔

اس حلقہ سے محبوبہ مفتی 2004 اور 2009 ء سے نمائندگی کر رہی ہیں ۔ شمال مغربی ممبئی سے گروداس کامت اور شمال ممبئی سے نروپم دوبارہ انتخاب لڑ رہے ہیں۔ پریہ دت نے اپنا پرچہ نامزدگی شمال وسط ممبئی سے داخل کیا ہے۔ اس سے قبل انہوں نے درگاہ حضرت مخدوم شاہ بابا پر حاضری دی اور اپنی کامیابی کیلئے دعا کی ۔ اس کے علاوہ پریہ دت نے دیگر مذہبی مقامات جیسے سدھی ونائک مندر ، ایک گردوارہ اور گرجا گھر بھی گئی۔ راکھی ساونت نے راشٹریہ عام پارٹی اور اداکار کمل خان نے سماج وادی پارٹی امیدوار کے طور پرپرچہ داخل کیا۔