سڈنی، یکم دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی اوپنر پرتھوی شا کے زخمی ہو جانے کے بعد ایک بار پھر نگاہیں بلے باز لوکیش راہول اور مرلی وجئے پر ٹک گئی ہیں جنہوں نے پریکٹس میچ کے چوتھے اور آخری دن ہفتہ کو دوسری اننگز میں بہترین اننگز کھیل کر امید بندھائی لیکن کرکٹ آسٹریلیا الیون کے خلاف بولروں کی مہنگی کارکردگی نے ایڈیلیڈ ٹسٹ سے پہلے فکر بڑھا دی ہے ۔ وجئے نے عمدہ 129 رنز بنائے جبکہ راہول کا اسکور 62 رہا۔ وجئے کے آؤٹ ہوتے ہی میچ ڈرا پر ختم کردینے سے دونوں ٹیموں نے اتفاق کرلیا۔ جی وہاری 15 پر ناٹ آؤٹ رہے۔ انڈیا اور سی اے الیون کا چار روزہ پریکٹس میچ یہاں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر ہفتہ کو ڈرا ختم ہو گیا۔ سی اے الیون نے اپنی پہلی اننگز میں 151.1 اوور میں 544 کا بڑا اسکور بنایا۔ اس کے بعد ہندستان نے دن کے اختتام تک دوسری اننگز میں 43.4 اوور تک بلے بازی کی اور دو وکٹوں کے نقصان پر 211 رن بنائے ۔ اس میں اوپننگ جوڑی راہول اور مرلی نے پہلے وکٹ کے لئے 109 رن جوڑے جبکہ ہنو ما وھاري 15 رن پر ناٹ آؤٹ رہے ۔ پہلی اننگز میں صرف تین رنز پر آؤٹ ہونے والے راہول نے اس بار 98 گیندوں میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا لگا کر 62 رنز کی نصف سنچری اننگز کھیلی اور فارم میں واپس کرنے کے اشارہ دیئے ۔ وہیں مرلی نے 132 گیندوں میں 16 چوکے اور پانچ چھکے لگا کر 129 رنز کی سنچری بنائی۔ پہلی اننگز میں اوپننگ کرنے اترے 19 سال کے پرتھوی مشق کے تیسرے دن ٹخنے میں چوٹ کے بعد پہلے ٹسٹ سے باہر ہو گئے ہیں جس کے بعد ایک بار پھر اوپننگ میں راہول اور مرلی پر نگاہیں ٹک گئی ہیں۔ اس سے پہلے امید تھی کہ پرتھوی کے ساتھ مرلی یا راہول میں کسی کو جوڑی دار اتارا جائے گا۔ انگلینڈ کے دورے میں دوسرے ٹسٹ کے بعد ٹیم سے باہر کر دیئے گئے مرلی کیلئے آسٹریلوی پچوں پر خود کو ثابت کرنے کے ساتھ کوچ اور کپتان کو متاثر کرنے کا بھی یہ اچھا موقع ہے ۔ وہ حال ہی میں ہندستان اے کی جانب سے نیوزی لینڈ میں کھیلے تھے ۔ پریکٹس میچ کے آخری دن صبح سی اے الیون نے اننگز کا آغاز کل کے چھ وکٹ پر 356 رن سے آگے بڑھاتے ہوئے کیا تھا۔ اس وقت ہیری نیلسن 56 رن اور آرون ہارڈی 69 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے ۔ دونوں نے اننگز کو آگے بڑھاتے ہوئے ساتویں وکٹ کیلئے 180 رن جوڑ ڈالے اور ہندستانی گیند بازوں کو پسینہ بہانے پر مجبور کیا۔ نیلسن نے 170 گیندوں کی اننگز میں نو چوکے لگا کر اپنی نصف سنچری کو سنچری میں تبدیل کیا اور 100 رن بنائے جبکہ ہارڈی نے 141 گیندوں میں 10 چوکے اور ایک چھکا لگا کر 86 رن بنائے ۔ ہندستان کیلئے دن کا پہلا وکٹ فاسٹ بولر ایشانت شرما نے نکالا اور ہارڈی کو وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ کراکر میزبان ٹیم کا ساتواں وکٹ نکالا۔ اس کے بعد ڈینیل فالس نے بھی نویں نمبر پر اچھی بلے بازی کی اور 65 گیندوں میں سات چوکے جڑتے ہوئے مفید 43 رن بنائے ۔