نئی دہلی 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کو شرمناک شکست ہونے کے پس منظر میں پارٹی کارکنوں کے گروپ نے آج کل ہند کانگریس کے ہیڈکوارٹرس کے باہر جمع ہوکر مطالبہ کیاکہ پارٹی کو ’’بچانے‘‘ کے لئے پرینکا گاندھی عملی سیاست میں حصہ لیں۔ تقریباً 12 کارکن جن کی قیادت پارٹی کارکن جگدیش شرما کررہے ہیں، پرینکا گاندھی کی تائید میں نعرے بازی کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کے ہیڈکوارٹرس کے سامنے جمع ہوگئے تھے جبکہ انتخابی رجحانات سے پارٹی کی شرمناک شکست کے اشارے ملنے لگے تھے۔ مظاہرین نے پلے کارڈس لہرائے جن پر ’’وقت کی پکار پرینکا گاندھی‘‘ تحریر تھا، لہرائے۔ وہ چند پلے کارڈس تھامے ہوئے بھی تھے جن پر راہول گاندھی کی تصویریں تھیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شرما نے کہاکہ راہول گاندھی نے سخت محنت کی لیکن وقت کا تقاضہ ہے کہ پرینکا گاندھی بھی نائب صدر کانگریس کے کندھے سے کندھے ملاکر پارٹی کو بچانے کی جدوجہد میں شامل ہوجائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اگر پرینکا گاندھی عملی سیاست میں پہلے ہی سرگرم ہوجاتیں تو انتخابی نتائج مختلف ہوتے۔ چند دن قبل پرینکا کے الہ آباد میں جلسہ کے دوران نعرہ لگایا گیا تھا ’’بھیّا کو بھی ہے بہنوں کی درکار ۔پرینکا پارٹی کا کرو پرچار۔ یو پی اے کی سرکار بنانا تیسری بار‘‘ ۔