کانپور،30جنوری(سیاست ڈاٹ کام )گزشتہ لوک سبھا انتخابات کے مقابلے کانگریس صدر راہول گاندھی کواس بار مزید پختہ ذہن بتاتے ہوئے سابق مرکزی وزیر شری پرکاش جائس وال نے دعوی کیا کہ پرینکا واڈرا کی موجودگی میں کانگریس اترپردیش میں کامیابی کی نئی تاریخ رقم کرے گی۔مسٹر جائس وال نے بدھ کو ‘یواین آئی ’ سے خاص بات چیت میں کہا‘‘2014کے لوک سبھا انتخابات میں مسٹر راہول گاندھی میں جس پختگی کی کمی تھی،وہ آج کے راہول میں نظر نہیں آتی۔سیاست میں پوری طرح پختہ ذہن کانگریس کے صدر اپنی ذمہ داری کو بہتر طریقے سے اداکررہے ہیں۔حال ہی میں تین ریاستوں میں مکمل ہوئے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کوملی کامیابی اس بات کا بڑا ثبوت ہے ۔’’محترمہ پرینکا واڈرا کو فعال سیاست میں لانے کا سہرا بھی راہول گاندھی کے سر باندھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس صدر کا یہ دور رس فیصلہ ریاست میں پارٹی کو نئی زندگی دینے کا کام کرے گا۔الیکشن سے بالکل پہلے پرینکا کی سیاست میں آمد کو معقول ٹھہراتے ہوئے سابق رکن پارلیمنٹ نے کہا‘‘الیکشن سے ٹھیک پہلے وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کے عوام سے جتنے وعدے کئے تھے ان میں سے ایک بھی وعدہ ابھی تک پورا نہیں ہوا ہے ۔الیکشن سے پہلے پرینکا کے آنے سے کانگریس کو نئی طاقت اور جوش ملا ہے ۔انہوں نے اب تک خود کو رائے بریلی تک ہی محدود رکھا تھا مگر اگلے دو تین دنوں میں اترپردیش سمیت پورے ملک کو ان کی مقبولیت کا احساس ہونے لگے گا۔’’سابق کانگریس ریاستی صدر نے کہا کہ لوک سبھا الیکشن سے پہلے سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کے اتحاد سے کانگریس اور مضبوط بن کر ابھرے گی۔الیکشن سے پہلے ہوئے اس اتحاد کو عوام مسترد کردے گی جس کا خمیازہ سماجوادی پارٹی اور بی ایس پی کے علاوہ جھوٹ کے سہارے ملک اور ریاست میں راج کرنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کو بھی بھگتنا پڑے گا۔مسٹر جائسوال نے کہا کہ ملک کے عوام کو وزیراعظم نریندرمودی اور کانگریس صدر راہول گاندھی کے درمیان بنیادی فرق اب دکھنا لگا ہے ۔مسٹر مودی کے اب تک کئے گئے تمام وعدے جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے ہیں جبکہ مسٹر گاندھی جو وعدہ کرتے ہیں اسے جلد از جلدپورا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔کسانوں کے قرض معافی کو انہوں نے عملی جامہ پہنانے کے بعد ملک کے عوام سے کم از کم آمدنی کی گارنٹی یوجنا کا جو وعدہ کیا ہے ،اسے مرکزمیں حکومت بنتے ہی نافذ کیا جائے گا۔کانگریس پر خاندانی سیاست کے الزامات کو خارج کرتے ہوئے مسٹر جائسوال نے کہا‘‘نہرو خاندان ملک کا سب سے معزز خاندان ہے ۔اس خاندان کی ملک کے لئے دی گئی قربانیوں کا ہر ہندوستانی شکرگزار ہے ۔