لیور پول۔12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) انگلش پریمیئر لیگ میں اس سیزن کا خطاب حاصل کرنے کیلئے آنکھ مچولی جاری ہے۔ لیور پول نے برنلے کیخلاف 2-4 سے کامیابی حاصل کرکے لیگ کی نمبر ون ٹیم مانچسٹر سٹی پر دباؤکا سلسلہ جاری رکھا۔دوسری جانب مانچسٹر یونائیٹڈکو آرسنل کے خلاف 0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہوم گرا ونڈ اینفیلڈ اسٹیڈیم میں ہوئے اس میچ میں لیورپول کے مصری کھلاڑی محمد صلاح کوئی گول نہ کر سکے تاہم ان کے ساتھ فتح کی تکون کہلانے والے روبرٹو فرمینو اور سعدیو مانے نے فی کس ایک گول کیا۔ برنلے نے ابتدائی منٹوں میں برتری حاصل کر لی تھی اور اس کی جانب سے ویسٹ ووڈ اور جان برگ نے گول کئے۔ محمد صلاح کے کراس پر فرمینو نے گول کرکے میچ برابر کیا اور پھر پہلا ہاف ختم ہونے سے پہلے سعدیومانے نے ٹیم کو برتری دلادی۔کھیل کے آخری منٹ میں دونوں ٹیموں نے ایک، ایک گول کیا تاہم برنلے صرف خسارہ ہی کم کر پائی اور شکست سے دوچار ہو گئی۔اس کامیابی نے لیور پول کو مانچسٹر سٹی کے ساتھ لیگ خطاب کیلئے نشانات کا خسارہ کم کرنے میں مدد فراہم کی اور اب دونوں ٹیمیں پھر ایک نشان کے فرق سے پہلے اور دوسرے مقام پر ہیں۔ انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ اپنے نئے منیجر وکوچ کی آمد کے بعد پہلی مرتبہ پریمیئر لیگ کے میچ میں شکست سے دوچار ہوگیا اور اسے آرسنل نے یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-2 سے شکست دی۔ کوچ نے اعتراف کیا کہ ہم نے بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ آرسنل کیلئے پہلے ہاف میں زاکا اور دوسرے میں پائرے ایمرک نے گول کیا۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کے کھلاڑی لوکاکو کو گول کرنے کا موقع ملا لیکن فٹبال گول بار سے ٹکرا کر باہر چلی گئی۔