غیر ضروری مداخلت کے سبب پاپولر فرنٹ جگتیال نے ایک گھنٹہ تاخیر سے جمہوریہ تقریب منائی
جگتیال ۔ 27 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : محکمہ پولیس جسے قانون اور ملک کا محافظ کہا جاتا ہے ۔ وہی محکمے آج ملک میں وطن سے اظہار محبت کرنے والوں کو ملک کا پرچم بلند کرنے سے روک رہے ہیں ۔ اس طرح ایک واقعہ جگتیال ضلع میں پیش آیا ۔ جہاں پر پاپولر فرنٹ آف انڈیا جو کہ ایک سماجی و فلاحی تنظیم ہے کی جانب سے تین کھنی چوراستہ ، ٹاور سرکل پر رسم پرچم کشائی اور یوم جمہوریہ تقریب منانے کے لیے اہتمام کیا گیا ۔ جگتیال پولیس نے اس کارروائی میں مداخلت کرتے ہوئے پاپولر فرنٹ کو روک دیا ۔ گذشتہ دو سال سے مندرجہ بالا مقامات پر تنظیم کی جانب سے یوم آزادی و یوم جمہوریہ تقاریب منائی جارہی ہیں ۔ اس کے علاوہ دیگر مقامات پر دیگر تنظیمیں بھی رسم پرچم کشائی انجام دیتی ہیں ۔ قدیم بس اسٹانڈ سرکل پر اے بی وی پی کی جانب سے پرچم کشائی کی گئی ۔ تحصیل چوراہے پر یوجنا کانگریس اور دیگر مقامات پر دیگر اداروں کی جانب سے رسم پرچم کشائی انجام دی گئی ۔ ملک سے محبت کا دعویٰ کرنے والی تنظیمیں RSS و دیگر غیر سماجی ارکان کی جانب سے یوم جمہوریہ کو منانے سے روکتے رہے ۔ پولیس ان کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے سیکولر اور وطن سے محبت کا اظہار کرنے کے لیے منائے جانے والے یوم جمہوریہ تقریب کو روکنا افسوسناک اور غیر قانونی اقدام ہے ۔ پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے قائدین اور مسلم نوجوانوں میں اس طرح کے واقعہ سے بے چینی اور حیرانی دیکھی گئی ۔ اس واقعہ سے جگتیال کی عوام پولیس کی اس حرکت پر غم و افسوس کا اظہار کررہے ہیں ۔ فرقہ پرست تنظیموں کی جانب سے یوم جمہوریہ تقریب منانے والوں کو ہراساں کرنا اور تنظیم کو پرچم کشائی سے روکنا کہاں تک درست ہے ۔ تنظیم کے ذمہ داران نے اس سلسلہ میں پولیس سے وضاحت طلب کی اور دباؤ ڈالا تو آخر کار پولیس نے ایک گھنٹہ تاخیر سے رسم پرچم کشائی انجام دینے کی اجازت دی ۔ بہرحال اتنی فرقہ پرستی کے مظاہرہ کے بعد بھی اس تنظیم نے آخر کار حب الوطنی کا ثبوت دیتے ہوئے رسم پرچم کشائی انجام دی ۔۔