پرویز رسول اور بنّی آج سری لنکا کیخلاف توجہ کا مرکز

ممبئی 29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکائی کرکٹ ٹیم ہندوستان کے مختصر دورہ کا کل یہاں انڈیا اے ٹیم کے خلاف واحد وارم اپ مقابلہ سے کررہی ہے اور میزبان ٹیم میں چند اہم کھلاڑیوں کے لئے یہ مقابلہ خود کو منوانے کا ایک اہم موقع ہے۔ ممبئی کے باربون اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اِس مقابلہ میں جہاں اُنگلی سے زخم سے صحت یاب ہوچکے ہندوستانی اوپنر روہت شرما کی واپسی اہم ہوگی جبکہ بولنگ آل راؤنڈر کی کمی کو پورا کرنے کے ضمن میں پرویز رسول اور کرناٹک کے آل راؤنڈر اسٹیورٹ بنی کے مظاہرے توجہ کا مرکز ہوں گے۔ علاوہ ازیں مڈل آرڈر میں مہاراشٹرا کے کیدر جئے دیو کے ہمراہ دہلی کے انمکٹ چند کے مظاہروں پر بھی سلیکٹروں کی توجہ مرکوز رہے گی۔ سری لنکائی ٹیم جوکہ ہندوستان کے خلاف پانچ ونڈے مقابلوں کی سیریز کھیلے گی اُسے یہ واحد مقابلہ وارم اپ کی شکل میں دستیاب ہورہا ہے

لیکن ہندوستانی کھلاڑیوں کے تناظر میں ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کا بولنگ آل راؤنڈر کے حصول کی کوشش میں پرویز رسول اور اسٹیورٹ بنی کے مظاہرے سب سے اہم ہوں گے۔ سری لنکا کے خلاف کھیلا جانے والا وارم اپ مقابلہ ہندوستانی نوجوان کھلاڑیوں کے لئے ایک بہترین موقع ہے۔ کرناٹک کے منیش پانڈے اور اترپردیش کے کلدیپ یادو کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹوئنٹی 20 اور ونڈے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی جانب سے ہندوستان کا دورہ ادھورا چھوڑ کر واپس چلے جانے کے بعد انھیں خود کو منوانے کا موقع نہیں ملا ہے۔ ممبئی کے فاسٹ بولر دھول کلکرنی جنھیں زخمی فاسٹ بولر محمد سمیع کے مقام پر ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے،

اِن کا مظاہرہ بھی اہمیت کا حامل ہوگا۔ کلکرنی کیلئے یہ موقع دستیاب ہے کہ وہ نئی گیند کے ساتھ متاثرکن مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف سری لنکا کے خلاف منعقد شدنی سیریز میں قطعی 11 کھلاڑیوں میں مقام بنائے بلکہ ورلڈکپ سے قبل بیرونی دوروں کیلئے بھی اپنی دعویداری کو مضبوط کریں۔ وارم اپ مقابلہ میں ہندوستانی ٹیم ضرور اُن خامیوں پر قابو پانے کی حکمت عملی تیار کرنے پر توجہ مرکوز کرے گی جس کے ذریعہ مہمان سری لنکا کے خلاف 5 مقابلوں کی سیریز کو اپنے نام کیا جاسکے جس کا آغاز 2 نومبر کو کٹک میں منعقد شدنی مقابلہ سے ہورہا ہے۔ دوسری جانب اینجیلو میتھیوز کی قیادت میں یہاں پہونچ چکی سری لنکائی ٹیم ہندوستان کے خلاف کھیلی جانے والی اِس سیریز کو پریکٹس سیریز کے طور پر کھیلے گی

کیونکہ یہ سیریز ویسٹ انڈیز کے وطن واپس لوٹ جانے کے بعد جلد بازی میں مقرر کی گئی ہے۔ سری لنکائی ٹیم کو اِس سیریز کی تیاریوں کے لئے زیادہ وقت دستیاب نہیں ہوا کیونکہ جیسے ہی ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے کھلاڑی وطن لوٹ گئے اِنھیں بورڈ کی جانب سے ہندوستان کے خلاف سیریز میں شرکت کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ سری لنکائی کرکٹ ٹیم کے وہ کھلاڑی جو آئی پی ایل میں شرکت کرچکے ہیں، اپنے اِس تجربہ سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنا چاہتے ہیں جس میں ممبئی انڈینس کے فاسٹ بولر لستھ ملنگا شامل ہیں جنھیں اِس میدان پر مظاہروں کا تجربہ اور وکٹ کے برتاؤ سے اچھی واقفیت حاصل ہے۔ ممبئی کے شائقین کے لئے بھی یہ آخری موقع ہوگا کہ سری لنکائی کرکٹ ٹیم کے سینئر بیٹسمنوں کی جوڑی کمارا سنگا کارا اور مہیلا جئے وردھنے کو آخری مرتبہ ایکشن میں دیکھے۔