پرویز رسول ، اُتھپااور یوراج باہر ، زخمی جڈیجہ اور اکشر پٹیل ورلڈ کپ ٹیم میں شامل

ممبئی۔ 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں آئندہ ماہ منعقد شدنی آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ کیلئے 15 رکنی ہندوستانی ٹیم میں زخمی رویندر جڈیجہ کو برقرار رکھنے کے علاوہ حیران کن طور پر اکشر پٹیل کو شامل کیا گیا ہے جبکہ پیش قیاسیوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے 2011ء ورلڈ کپ کے ہیرو یوراج سنگھ کو قطعی کھلاڑیوں میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی کے سیکریٹری سنجے پٹیل نے یہاں سلیکشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد 15 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ سلیکٹروں نے یوراج سنگھ کو نظرانداز کردیا کیونکہ وہ ممکنہ 30 کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل نہیں کئے گئے تھے، حالانکہ انہوں نے رانجی ٹروفی کے مقابلوں میں متواتر تین سنچریاں اسکور کی ہیں۔ اوپنر شکھر دھون جوکہ بیرون سیریزوں کے علاوہ آسٹریلیا کے خلاف رواں ٹسٹ سیریز میں بھی مسلسل ناکام ہوئے ہیں اور سڈنی میں شروع ہوئے چوتھے ٹسٹ میں وہ ٹیم سے باہر بھی ہوچکے ہیں لیکن انہیں ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اُمید کی جارہی تھی کہ دھون کے مقام پر مرلی وجئے، رابن اتھپا اور منوج تیواری جوکہ انتہائی شاندار فام میں موجود ہیں، انہیں موقع دیا جائے گا

لیکن سلیکٹروں نے دھون کو ہی ترجیح دی ہے۔ 14 فروری تا 29 مارچ تک کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کیلئے 20 سالہ اسپنر اکشر پٹیل کو جڈیجہ اور روی چندرن اشون کے ساتھ اسپن شعبہ میں شامل کیا گیا ہے، اور کشمیر کے آل راؤنڈر پرویز رسول کو موقع نہیں دیا گیا ہے۔ کپتان مہیندر سنگھ دھونی کی قیادت میں معلنہ 15 رکنی ٹیم میں حیران کن طور پر صرف 4 فاسٹ بولروں کو شامل کیا گیا ہے جس میں بھونیشور کمار ، محمد سمیع ، ایشانت شرما اور اومیش یادو شامل ہیں۔ بیٹنگ شعبہ میں کپتان مہیندر سنگھ دھونی کے علاوہ شکھر دھون ، روہت شرما ، اجنکیا راہنے ، سریش رائنا ، ویراٹ کوہلی اور امباٹی رائیڈو شامل ہیں۔ سلیکٹروں نے ورلڈ کپ کے علاوہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف منعقد شدنی سہ رخی سیریز کے لئے کھلاڑیوں کا اعلان کردیا ہے جس میں دھول کلکرنی اور موہت شرما کو موقع دیا گیا ہے۔ آئی سی سی ورلڈ کپ 2015ء کیلئے ہندوستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔مہیندر سنگھ دھونی (کپتان اور وکٹ کیپر)، شکھر دھون، روہت شرما، اجنکیا راہنے ، سریش رائنا ، ویراٹ کوہلی ، امباٹی رائیڈو ، رویندر جڈیجہ ، روی چندرن اشون ، اکشر پٹیل ، بھونیشور کمار ، ایشانت شرما ، محمد سمیع ، اسٹیورٹ بنی اور اومیش یادو ۔