نئی دہلی، 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ سال کی سیمی فائنلسٹ پنجاب کی ٹیم اس مرتبہ پرو کشتی لیگ ۔ 2 میں منگل کو اپنے پہلے میچ میں جے پور ننجاس کی ٹیم سے مقابلہ کرے گی اور ان دونوں ٹیموں میں ملکی بمقابل غیرملکی کھلاڑیوں کی اصل جنگ دیکھنے کو ملے گی ۔ جے پور کی ٹیم لیگ میں پہلی بار حصہ لے رہی ہے ۔ اولمپک اور عالمی چمپئن ولادیمیر کھنچینگاشولی کی قیادت والی این سی آر پنجاب رائلس کی ٹیم کی طاقت جہاں غیر ملکی کھلاڑیوں پر منحصر ہے ، وہیں جے پور کی ٹیم کو اپنے دیسی کھلاڑیوں پر اعتماد ہے ۔ یہ مقابلہ اندرا گاندھی اسپورٹس کمپلیکس کے ڈی جادھو ہال میں منعقد کیا جائے گا۔ جے پور کی ٹیم کے پاس سب سے مہنگے داموں میں شامل ہندوستانی خاتون کھلاڑی ریتو پھوگٹ ہیں۔ ان کا نرملا پھوگٹ کے ساتھ کھیلے جانے والا مقابلہ دلچسپ ہونے کی توقع ہے ۔ حال ہی میں نرملا کے خلاف ان کا ریکارڈ بہتر رہا ہے ۔ اس سال سنگاپور میں دولت مشترکہ چمپئن شپ اور اس سے پہلے قومی چمپئن شپ کے خطاب جیت کر ریتو نے شاندار فارم کا ثبوت دیا ہے ۔ اس کے علاوہ خواتین کے 53 کلوگرام میں جے پور کی بیتزابیتھ ارگوئلو اور پنجاب کی اوڈنایو کے مابین سخت جدوجہد دیکھنے کو مل سکتی ہے ۔ بیتزابیتھ ریو اولمپک میں میڈل راؤنڈ تک پہنچی تھیں جبکہ اوڈنایو نے ریو میں مایوس کیا تھا لیکن حال ہی میں گولڈن گراں پری میں طلائی تمغہ جیت کر اوڈنایو نے ثابت کیا ہے کہ انہوں نے اپنی گزشتہ سال کی پی ڈبلیوایل کی فارم میں واپسی کی ہے ۔ خواتین کے 75 کلوگرام میں ریو اولمپکس میں کانسے کا تمغہ حاصل کرنے والی جینی فرینسن اور عالمی چمپئن شپ میں کانسے کا تمغہ فاتح ویسلسا مارزالیوک کے درمیان سخت چیلنج دیکھنے کو مل سکتا ہے ۔ 57کلو گرام میں جے پور کے اتکرش کالے جہاں نئے کھلاڑی ہیں وہیں امت کو اپنی پرانی فارم دکھانی ہوگی۔ جے پور کے راہول مان کے سامنے لندن اولمپکس کے چمپئن اور ریو میں چاندی کا تمغہ فاتح ٹوگرل اسگارووف ہیں۔ 70کلوگرام میں ونود اوم پرکاش کی موجودہ فارم پنجاب کے پنکج رانا سے بہتر ہے ۔