پروفیسر کودنڈا رام پر جوابی حملے ناقابل برداشت

کریم نگر 10 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جے اے سی چیرمین کودنڈا رام پر بے تُکے جوابی حملوں پر ہم خاموش تماشائی بنے نہیں رہیں گے بلکہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ انسانی حقوق کی پامالی ہم سے دیکھی نہیں جائے گی۔ ہر سوال کا ہم کڑا جواب دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی نائب صدر جی رام کرشنا نے کیا۔ انھوں نے انتباہ دیا کہ پروفیسر کودنڈا رام کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ تلنگانہ تحریک میں شدت پیدا کرنے کے لئے انھوں نے تمام پارٹیوں کو متحد کیا۔ علیحدہ تلنگانہ کی تحریک میں پروفیسر کودنڈا رام کا اہم رول ہے۔ دو سال سے ریاستی حکومت بدعنوانیوں میں مبتلا ہوچکی ہے۔ کئی کوتاہیاں ہورہی ہیں۔ حریف سیاسی پارٹیوں کو بلیک میل کیا جارہا ہے۔ ترقیاتی کام بھی ادھورے پڑے ہوئے ہیں۔ انتخابات سے قبل جو وعدے کئے گئے انھیں ابھی تک پورا نہیں کیا گیا۔ آخر میں انھوں نے پروفیسر کودنڈا رام پر انگلی اٹھانے والوں کا منہ توڑ جواب دینے کا انتباہ دیا۔