سعودیہ کا دورہ کرنے والے برطانوی ولی عہد کی روایتی عرب ثقافتی تقریبات میں شرکت
ریاض ، 19 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس اپنے دورۂ سعودی عرب کے موقع پر ’جیسا ویس، ویسا بھیس‘ کا مصداق بن گئے۔ پرنس چارلس نے روایتی سعودی لباس زیب تن کر کے اور تلوار تھام کر عملاً ایسا کر دکھایا کہ ’’اگر آپ سعودی عرب میں ہوں تو سعودی شہریوں کی طرح زندگی گزارو‘‘۔ 65 سالہ پرنس نے روایتی عرب ’توپ‘ زیب تن کیا جبکہ اپنے سر پر انہوں خم کھاتا ہوا ’غترا‘ سجایا اور بڑے سلیقے سے اسے روایتی ’کفیہ‘ سے ڈھانپ رکھا تھا۔
اس موقع پر برطانوی پرنس نے مکمل عرب شہری کا روپ دھار لیا اور مہمان نواز عرب دوستوں کے ساتھ گھل مل گئے۔ عربی پہناوا زیب تن کرنے کے بعد پرنس چارلس نے روایتی سعودی رقص کا بھی لطف اٹھایا، یہ مرحلہ شوق ایک ثقافتی تقریب کے دوران طے ہوا جو اُن کے اعزاز میں ترتیب دی گئی تھی۔ اس تقریب میں تلواریں تھامے عرب شہری تھے، عرب شاعری تھی اور دھول کی تھاپ تھی۔ برطانوی ولی عہد نے بھی اپنے میزبانوں کیساتھ اس روایتی رقص ’عرضہ‘ میں شامل ہونے کی کوشش کی۔ عرضہ رقص کے دوران ایسا مرحلہ بھی آیا کہ پرنس چارلس بالکل عربی انداز میں تلوار تھام کر اسے ہوا میں لہرانے لگے۔ گویا یہ عرب کلچر سے سرشاری کا اظہار تھا۔