یلاریڈی۔ یکم ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بنا اجازت کے این ایس ایس کیمپ کو جانے کا ناحق الزام لگانے والے یلاریڈی ڈگری کالج پرنسپال مسٹر پربھاکر کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے طلباء و طالبات نے راستہ روکو احتجاج منظم کیا۔ کالج کے روبرو بودھن ۔ حیدرآباد شاہراہ پر دھرنا دیا۔ تلنگانہ یونیورسٹی رجسٹرار کے ساتھ اولیائے طلباء کی اجازت کے بعد ہی ہم بندل کھنڈ یونیورسٹی یوتھ فیسٹیول کو جانے پر پرنسپال ہم پر الزامات لگارہے ہیں۔ کیمپ سے آکر تین دن گذرنے کے باوجود اولیائے طلباء کی میٹنگ طلب کرنے میں پرنسپال عدم دلچسپی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ طلباء پر بلا وجہ الزامات لگانے والے پرنسپل کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیاگیا۔ پرنسپال کے خلاف نعرے بلند کئے گئے۔ سب انسپکٹر مسٹر سریدھر ریڈی نے وہاں پہنچ کر طلباء کو سمجھایا اور قانون شکنی پر کارروائی کرنے کا انتباہ دیا۔ بہت جلد اس تعلق سے اجلاس طلب کرکے سچائی پر بحث کرنے کا تیقن بھی دیا۔