پرعزم ہندوستان کا آج نیوزی لینڈ سے مقابلہ

نئی دہلی ۔ 5 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اے کے خلاف وارم اپ مقابلہ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ہندوستان کی سینئر ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ کل یہاں نیلسن میں میزبان نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلہ میں کامیابی کے لئے پرعزم ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری مقابلہ ہیرو ہاکی ورلڈ لیگ فائنل  2014 ء میں ہوا تھا جس میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی تھی۔ کل کھیلے جانے والے مقابلہ میں میزبان نیوزی لینڈ کی ٹیم کو اپنے گھریلو شائقین کے روبرو کھیلنے کی وجہ سے کسی قدر سبقت حاصل رہے گی لیکن ہندوستانی کھلاڑیوں نے بھی کامیابی کیلئے بلند عزائم کا اظہار کیا ہے ۔ ہندوستانی ٹیم جس نے پہلے ہی کامیابی کیلئے اپنی جستجو اور محنت کو واضح کردیا ہے اور قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی اس حقیقت سے بخوبی واقف ہے کہ مقابلہ کے آغاز پر ہی بننے والے گول کی کیا قدر ہوگی اور امید ہے کہ مقابلہ کے آغاز پر ہی وہ حریف ٹیم کے ڈی پر پر حملے کرتے ہوئے گول بنائیں گے ۔ ہندوستانی ٹیم میں ایس کے اوتھپا، اکشدیپ سنگھ ، ایس وی سنیل کی موجودگی کے بعد یہ حیران کن نتیجہ نہیں ہوگا کہ اگر ٹیم کامیاب ہوجاتی ہے۔ اس مقابلہ کے ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کوچ اور ہائی پرفارمنس ڈائرکٹر ریولنٹ الٹمانس نے کہا ہے کہ سابق دو مقابلے ہمارے لئے سیکھنے کے تناظر میں کافی بہتر ثابت ہوئے اور کھلاڑی یہاں کے حالات سے خود کو ہم آہنگ کرلئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے حق میں جو بہتر حقیقت ہوگی وہ فیلڈ گولس ہوں گے اور ٹیم میں اتنی صلاحیت موجود ہے کہ وہ حریف ٹیم کے دفاع کو توڑتے ہوئے ڈی میں داخل ہونے کے ساتھ گول بھی کرسکتی ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے پنالٹی کارنرس پر گول بننے کی امید بھی ظاہر کی ہے۔